ملک کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دینگے، جن ڈاکٹر ز کو زندگی بہت پیاری، نوکری چھوڑ دیں: لاہور ہائیکورٹ 

ملک کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دینگے، جن ڈاکٹر ز کو زندگی بہت پیاری، نوکری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ نے قراردیاہے کہ جن ڈاکٹرز کو اپنی زندگی بہت پیاری ہے وہ نوکری چھوڑ دیں، ملک کو بدنام کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے،چیف جسٹس محمد قاسم خان نے یہ ریمارکس حفاظتی کٹس سمیت دیگر سہولیات کی مبینہ عدم فراہمی کے خلاف درخواست دائر کرنے والے جنرل ہسپتال کے 6ڈاکٹروں پرہرجانہ عائد کرتے ہوئے دیئے،فاضل جج نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے سیکرٹری صحت کوان درخواست گزار ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا ہے،جنرل ہسپتال کے ڈاکٹر نبیل صفدر سمیت 6 ڈاکٹروں نے کرونا سے حفاظت کے لئے سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف یہ درخواست دائر کررکھی تھی،پنجاب حکومت کی طرف سے عدالت میں جواب داخل کیا گیاکہ پنجاب بھر میں ایس او پیز کے مطابق ڈاکٹرز کو سہولیات فراہم کی گئی ہیں، حکومت وسائل سے بڑھ کر ڈاکٹرز کی ضروریات کا خیال رکھ رہی ہے،فاضل جج نے پنجاب حکومت کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ پوری دنیا میں ڈاکٹرز اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر کرونا کے مریضوں کا علاج کر رہے ہیں، یہ درخواست ایک ڈاکٹر کے وکیل بھائی کی وساطت سے دائر کی گئی تھی،اس حوالے سے فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ اگر وکیل کا بھائی ڈاکٹر ہے تو کیا ادارے پر انگلیاں اٹھانے دیں؟ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ کیا ججوں کو کرونا سے کوئی خطرہ نہیں ہے؟ کیا روزانہ جن درخواستیں کو سماعت کے دوران ہم ہاتھ لگاتے ہیں، اس سے وائرس نہیں پھیلتا؟ کیا میرے بچے نہیں ہیں؟ کیا میرے گھر میں کوئی علیحدہ کمرہ بنا ہے؟یہ درخواست ملک کو بدنام کرنے کے مترادف ہے،فاضل جج نے مذکورہ کارروائی کے بعد درخواست ہرجانہ کے ساتھ مسترد کردی۔
زندگی پیاری

مزید :

صفحہ اول -