عمر اکمل کی قسمت کا فیصلہ جلد متوقع، ان کی پیشی کب ہے اور ممکنہ طور پر کیا سزا مل سکتی ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

عمر اکمل کی قسمت کا فیصلہ جلد متوقع، ان کی پیشی کب ہے اور ممکنہ طور پر کیا سزا ...
عمر اکمل کی قسمت کا فیصلہ جلد متوقع، ان کی پیشی کب ہے اور ممکنہ طور پر کیا سزا مل سکتی ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کی قسمت کا فیصلہ جلد متوقع ہے جو فکسنگ کیس کی سماعت کیلئے 27 اپریل کو پیش ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق عمر اکمل پر اینٹی کرپشن کوڈ کے آرٹیکل 4.4.2 کی دو مرتبہ خلاف ورزی کا الزام ہے جس کے تحت کسی بکی کی جانب سے رابطے کی اطلاع بورڈ کو نہ کرنے پر کارروائی ہوتی ہے، پی سی بی کی جانب سے عمر اکمل کو 17 مارچ کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا اور20 فروری 2020ءکو عبوری طور پر معطل ہو گئے جس کے باعث وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے سے بھی محروم رہ گئے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین نے اپنے خلاف الزامات اینٹی کرپشن ٹربیونل میں چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، قانون کے مطابق اب سزا کا فیصلہ جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان کی سربراہی میں ڈسپلنری پینل کو کرنا ہے جنہوں نے گزشتہ روز کیس کی سماعت کیلئے 27 اپریل کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے عمر اکمل اور پی سی بی کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کیس کی سماعت نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں ہوگی جس دوران کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلوں کو سختی سے یقینی بنایا جائے گا۔ عمر اکمل کیخلاف اینٹی کرپشن کوڈ کی جن شقوں کے تحت کارروائی کی جارہی ہے ان کےکے تحت کم از کم 6 ماہ اور زیادہ سے زیادہ تاحیات پابندی عائد ہو سکتی ہے۔ ماضی میں بھی تنازعات کا طویل ریکارڈ رکھنے والے بیٹسمین کے کیریئر پر ایک اور داغ لگنے کا امکان روشن ہے۔

مزید :

کھیل -