"ضرورت پڑی تو تمام نجی ہسپتالوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیں گے" وفاقی وزیر نے اعلان کردیا

"ضرورت پڑی تو تمام نجی ہسپتالوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیں گے" وفاقی وزیر نے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(ویب ڈیسک) وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم سے تمام میڈیا اور سیاستدانوں سے دوستی کرنے کا کہا ہے۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کورونا بڑھ رہا ہے، راولپنڈی میں کورونا کے 196 متاثرہ مریض ہیں جب کہ 6 مریض یورالوجی اور 6 ریلوے ہسپتال میں وینٹیلیٹر پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کو بچانا ہے اس لیے راجا بازار میں سنیما توڑ کر ہسپتال میں شامل کر رہے ہیں، ضرورت پڑی تو تمام نجی ہسپتالوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیں گے۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں ریلوے کے مزدوروں نے 5 کروڑ سے زیادہ عطیہ کیا ہے لہٰذا سب لوگوں کو عمران خان کے فنڈ میں دل کھول کرعطیہ دینا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ 5 تاریخ سے ٹرین چلا رہے ہیں، کسی بھی جگہ ضرورت ہوئی تو موبائل ہسپتال کھڑا کردیں گے۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی مخالفین کو موجودہ حالات میں صلح کرلینی چاہیے اس لیے وزیراعظم سے کہا ہے تمام میڈیا اور سیاستدانوں سے دوستی کرلیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ کوئی سیاست نہیں دیکھ رہا، ہمیں ملک بچانا ہے اور شہبازشریف قومی حکومت کا خواب لے کر واپس آئے تھے۔نیب سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نیب میں میرے 2 موکل ہیں، میں نے دم والی بات مذاق میں کی تھی۔