آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈکپ کے معاملے پر صبر کا دامن مضبوطی سے تھام لیا، حتمی فیصلہ کب تک متوقع ہے؟ شائقین کیلئے اہم خبر آ گئی

آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈکپ کے معاملے پر صبر کا دامن مضبوطی سے تھام لیا، حتمی ...
آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈکپ کے معاملے پر صبر کا دامن مضبوطی سے تھام لیا، حتمی فیصلہ کب تک متوقع ہے؟ شائقین کیلئے اہم خبر آ گئی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے صبر کا دامن مضبوطی سے تھام لیا ہے جس کا کہنا ہے کہ اسے ایونٹ کے مستقل کا فیصلہ کرنے میں کسی طرح کی بھی جلدی نہیں ہے اور حتمی فیصلہ اگست کے آخر میں کیا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت کھیلوں کی دنیا میں بھی تقریباً لاک ڈاﺅن ہے، کرکٹ کا اگلا بڑا ایونٹ ٹی 20 ورلڈ کپ کی صورت میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے، البتہ میزبان ملک کی سرحدیں فی الحال 6 ماہ کیلئے بند ہیں جو 30 ستمبر تک کھلیں گی، ایسے میں میگا ایونٹ کے حوالے سے بھی غیریقینی صورتحال ہے تاہم آئی سی سی نے ایک بار پھر واضح کیاکہ اسے کسی قسم کی کوئی جلدی نہیں ہے۔

ترجمان نے ایک بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگست کے آخر تک کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے، اگر ہم مئی میں ایونٹ کو ملتوی کردیں اور بعد میں صورتحال بہتر ہوجائے تو پھر کیا ہوگا، اس لئے فی الحال صورتحال پر نظر رکھنے کے ساتھ ایونٹ کے وقت پر انعقاد کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں، فی الحال پہلی ترجیح کھلاڑیوں اور شائقین کی صحت و سلامتی ہے، اس لئے ایونٹ کے حوالے سے کسی بھی قسم کے فوری فیصلے کی توقع نہیں کرنی چاہیے۔

دوسری جانب آئی سی سی جمعرات کوٹیلی کانفرنس کے ذریعے چیف ایگزیکٹیوز میٹنگ کی میزبانی کرے گی، جس میں تمام 12 فل ممبران اور 3 ایسوسی ایٹ ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔میٹنگ میں کورونا وائرس کے کھیل پر مجموعی اثرات کا جائزہ لینے کے ساتھ کھیل کے دوبارہ آغاز پر ایک دوسرے سے پلان شیئر کئے جائیں گے، وائرس کی وجہ سے ملتوی ہونے والی سیریز کو ری شیڈول کرنے، 2023ءکے فیوچر ٹور پروگرام پر نظرثانی، ٹیسٹ چیمپین شپ اور کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ پربھی بات ہوگی۔

مزید :

کھیل -