پہلی بڑی بین الاقوامی ایئرلائن جو کورونا وائرس کا شکار ہو گئی

پہلی بڑی بین الاقوامی ایئرلائن جو کورونا وائرس کا شکار ہو گئی
پہلی بڑی بین الاقوامی ایئرلائن جو کورونا وائرس کا شکار ہو گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) فلائی بی دنیا کی پہلی ایئرلائن تھی جو کورونا وائرس کی وجہ سے دیوالیہ ہوئی۔ اس کے بعد کئی چھوٹی ایئرلائنز اس موذی وباءکا شکار ہوئیں۔ اب پہلی بڑی بین الاقوامی فضائی کمپنی اس کا شکار ہونے کی خبر آ گئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ آسٹریلوی فضائی کمپنی ’ورجن آسٹریلیا‘ ہے جو کورونا وائرس کی وجہ سے دیوالیہ ہونے والی دنیا کی پہلی بڑی ایئرلائن بن گئی ہے۔ ورجن آسٹریلیا ملک کی دوسری بڑی فضائی کمپنی ہے جس نے مالی بحران کے ہاتھوں مجبور ہو کر گزشتہ روز تمام ادائیگیاں روک دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پال سکورا کا کہنا تھا کہ ”اس فیصلے کامقصد ورجن آسٹریلیا گروپ کا مستقبل محفوظ بنانا اور کورونا وائرس کے بحران سے نکلنا ہے۔“ رپورٹ کے مطابق ورجن آسٹریلیا کے ملازمین کی تعداد 10ہزار کے لگ بھگ ہے اور کمپنی اس وقت 5ارب آسٹریلوی ڈالر کی مقروض ہو چکی ہے۔ کمپنی کی طرف سے آسٹریلوی حکومت سے درخواست کی گئی کہ وہ اسے 1.4ارب ڈالر قرض فراہم کردے تاکہ اس کا وجود قائم رہ سکے لیکن حکومت نے انکار کر دیا۔ گزشتہ روز آپریشنز بند ہونے پر ورجن آسٹریلیا کی ایئرہوسٹسز اور عملے کے دیگر اراکین آنکھوں میں آنسو لیے گھروں کو روانہ ہوئے۔ انہوں نے ایک بار پھر حکومت سے اپیل کی کہ وہ ہزاروں نوکریاں بچانے کے لیے کمپنی کی مالی معاونت کریں۔