وزیراعظم نے بھارتی فلم کا کلپ شیئر کرنے کے کچھ دیر بعد ہی اسے ڈیلیٹ کردیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان کی جانب سے موجودہ ملکی حالات کی عکاسی کرنے کے لیے بھارتی فلم کا کلب شیئر کیا گیا،تاہم اسے کچھ دیر بعد ہی ڈیلیٹ کردیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر وزیراعظم کی جانب سے بھارتی فلم کا کلپ شیئر کیا گیا ہے۔فلم میں مرحوم اداکار قادر خان کو ایک سیاسی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔کلپ کے کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ ’ تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف پہلے دن سے کرپٹ مافیاز یہی سازشیں کررہے ہیں‘۔
ویڈیو کلب میں قادر خان کہتے ہیں کہ ’ہمیں عوام کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے حکومت سے عوام کا اعتماد ہٹانا ہوگا جس کیلئے ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا لوگ اس سرکار کو نکمی، ناکارہ اور بیکار سمجھ کر کسی اور پارٹی کو کرسی پر بٹھانے پر مجبور ہوجائیں،ہر صوبے ہر شہر میں قتل عام، ڈکیتی فساد کروانے ہونگے،جیسے ہندو مسلم فساد،سکھ اور ہندو فساد۔