ریونیو عوامی خدمت مراکز میں 52ہزار سے زائد درخواستیں نمٹا دی گئیں 

ریونیو عوامی خدمت مراکز میں 52ہزار سے زائد درخواستیں نمٹا دی گئیں 

  

لاہور(اپنے نمائندے سے)وزیر اعلیٰ  کی ہدایت پرمحکمہ مال کے زیرانتظام ریونیو عوامی خدمت سروسز کے ذریعے عوام کو خدمات کی فراہمی جاری ہے، پنجاب بھر سے اب تک ریونیو عوامی خدمت سروسز میں مجموعی طور پر53,568درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے52,008 درخواستیں  نمٹا دی گئیں جبکہ بقایا 1560درخواستوں پر کارروائی کی جارہی ہے یہ بات سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑنے ایک بیان میں کہی۔

  انہوں نے کہا کہ محکمہ مال کی جانب سے اکتوبر 2020ء  سے 36اضلاع میں ریونیو عوامی خدمت سروسز کے ذریعے عام آدمی کے محکمہ ریونیو سے متعلق مسائل حل ہو رہے ہیں۔ بابر حیات تارڑ نے کہا کہ ریونیوعوامی خدمت سروسز کے ذریعے ریونیو سے متعلقہ امورکے حوالے سے موصول ہونے والی درخواستوں کو نمٹانے کی شرح 97فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ ریونیوعوامی خدمت سروسز کے ذریعے درستگی ریکارڈ، فرد کے اجراء، انتقالات کے اندراج، رجسٹری، انکم سرٹیفکیٹ،معائنہ ریکارڈ،ڈومیسائل کے اجراء  اور ریونیو سے متعلقہ دیگر امورکے حوالے سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت سروسز میں ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ کلکٹر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار، سب رجسٹرار،قانون گو، پٹواری، عملہ اراضی ریکارڈ سنٹر ایک چھت تلے عوام کے مسائل کے حل کیلئے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔ بابرحیات تارڑ نے مزیدکہا کہ عوام دوست اقدامات سے لوگوں کا اداروں پر اعتماد بڑھا ہے۔ اس انقلابی اقدام سے عام آدمی کواس کا حق فوراََ ملے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -