سکی کناری ہائیڈ رو پاور قومی سطح کا منصوبہ ہے: کمشنر ہزارہ ڈویژن

سکی کناری ہائیڈ رو پاور قومی سطح کا منصوبہ ہے: کمشنر ہزارہ ڈویژن

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)کمشنر ہزارہ ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ سکی کناری ہائیڈرو پاور منصوبہ ایک قومی سطح کا منصوبہ ہے۔ اس میں جو مشکلا ت اور مسا ئل آرہی ہیں عو امی نمائندوں کی سرپرستی میں ان کا ایسا فوری حل تلاش کرنا ہوگا جس سے منصوبہ بھی فوری مکمل ہو اور یہاں کے عوامی مسائل بھی مل بیٹھ کر خوش اسلوبی سے حل ہوجائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز کمشنر ہاؤس میں سکی کناری ہائیڈرو پاورمنصوبے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی احمد حسین شاہ نے معاوضوں کی عدم فراہمی اور سیکشن فور کے حوالے سے عوامی خدشات اور محکمہ مال اور ہائیڈرو پاور افسران اور محکمہ مواصلات و تعمیرات کی تیار کردہ سیکشن فور اور عوامی ردعمل کے حوالے سے کمشنر ہزارہ کو مکمل بریفنگ دی۔اجلاس میں رکن قومی اسمبلی صالح خان، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ ڈاکٹر قاسم علی خان، ہائیڈرو کے افسران اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ہائیڈرو پاور منصوبہ سکی کناری کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ کے بعد کمشنر ہزارہ ریاض خان محسود نے کہا کہ مقامی لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے عوامی نمائندوں احمد حسین شاہ ایم پی اے، صالح خان ایم این اے کی سرپرستی میں کمشنر ہزارہ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ قاسم علی خان اور ہائیڈرو کی کمیٹی قائم کرکے اس مسئلے کا فوری حل تلاش کیا جائے گا تاکہ یہ منصوبہ بھی جلد مکمل ہو اور یہاں کے عوام جنکی زمین، مکان یا دیگر اشیاء منصوبے کے تحت آرہی ہیں انکو قانون کے مطابق انکا حق مل سکے اور متاثرین کے جملہ حقوق فوری ادا کئے جائیں تاکہ وہ قبضہ متعلقہ سرکاری حکام کے حوالے کریں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -