وکلاء کا لاہور سانحہ کیخلاف پشاورہائیکورٹ سمیت ماتحت عدالتوں سے بائیکاٹ
پشاور(نیوز رپورٹر)خیبرپختونخوابارکونسل کی کال پر خیبرپختونخوا میں وکلاء نے لاہور سانحہ کیخلاف پشاورہائیکورٹ سمیت ماتحت عدالتوں سے بائیکاٹ کیا اور وکلاء مقدمات کی پیروی کیلئے عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔خیبرپختونخوا بارکونسل کیجانب سے لاہورمیں تحریک لبیک پاکستان کے کارکنوں کی جانب سے مطالبات کے حق میں دھرنے کے دوران فائرنگ اور اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسکی مذمت کی اور کہا کہ حکومت کو اس مسئلے کو افہام وتفہیم کیساتھ حل کرنا چاہیے تھا۔انہوں نے سانحہ کیخلاف منگل کے روزصوبہ بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کیا جس کے بعدپشاورہائیکورٹ سمیت صوبے کے تمام ماتحت عدالتوں میں وکلاء کیسز کی پیروی کیلئے پیش نہیں ہوئے جسکی وجہ سے بیشتر مقدمات پر پیش رفت متاثر ہوئی اورسائلین اورموکلین کو نئی تاریخیں دی گئیں۔ ہڑتال کے باعث عدالتی امور بھی متاثر ہوئے اور دوردراز اضلاع سے آنے والے سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کیسز پر پیش رفت نہ ہونے کے باعث انہیں مایوس لوٹنا پڑا۔