چوروں نے ایک منٹ 13سیکنڈ میں کار کا قیمتی پینل چوری کر لیا

چوروں نے ایک منٹ 13سیکنڈ میں کار کا قیمتی پینل چوری کر لیا

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے علاقے ڈیفنس ویو کے قریب چوروں نے ایک منٹ 13 سیکنڈ میں کار کا قیمتی پینل چوری کر لیا،سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی، ویڈیو میں نیلی شرٹس میں ملبوس چوروں کے چہرے بھی واضح دکھائی دے رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیفنس ویو کے قریب کار کا قیمتی پینل چوری کر لیا گیا، چوروں نے ایک منٹ 13 سیکنڈ میں 60 ہزار کا پینل کھولا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآگئی ہے۔فوٹیج میں موٹر سائیکل پر 2 ملزمان کو واردات کے لیے آتے دیکھا جا سکتا ہے، دونوں نے نیلی شرٹس اور ٹرازر پہنے ہیں، ایک ملزم سر سے گنجا ہے اور اس نے ٹنڈ پر چشمہ بھی جمایا ہوا ہے۔فوٹیج کے مطابق واردات کے لیے آئے ملزمان میں سے ایک موٹر سائیکل سے اترا اور اس نے سائیڈ مرر کے پاس سے گاڑی کا دروازہ ذرا سی دیر اور کوشش سے کھولا، اس کے بعد ملزم نے اندر بیٹھ کر کار کا پینل کھول لیا۔اس دوران دوسرا ملزم موٹر سائیکل سے اتر گلی کے دونوں سروں پر بے چینی میں دیکھتا رہا، اس نے ایک تھیلا بھی لا کر گاڑی میں بیٹھے ساتھی کو دیا، جس نے پینل کھول کر کپڑے کے بیگ میں ڈالا۔فوٹیج کے مطابق ملزمان نے یہ واردات آرام سے کی اور فرار ہو گئے، فوٹیج میں دونوں ملزمان کے چہرے بھی واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، ملزمان جلد پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -