کورونا وائرس سے مزید 148افراد جاں بحق ، اموات کی کل تعداد16ہزار600ہو گئی

کورونا وائرس سے مزید 148افراد جاں بحق ، اموات کی کل تعداد16ہزار600ہو گئی
کورونا وائرس سے مزید 148افراد جاں بحق ، اموات کی کل تعداد16ہزار600ہو گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )کورونا وائرس کی تیسری لہر کا قہر برقرار ہے ، گزشتہ 24گھنٹوں میں رواں سال کی دوسری سب سے زیادہ 148اموات ریکارڈ ہوئیں ، اس سے قبل 17اپریل سے 18اپریل کے دوران 149افراد مہلک وائرس کی بھینٹ چڑھے تھے ۔گزشتہ روز ہونے والی اموات کووڈ 19 کی اب تک کی پاکستان میں تیسری بڑی تعداد ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے ایک روز میں اموات کی سب سے بڑی تعداد گزشتہ برس جون میں 153 ریکارڈ کی گئی تھی ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی )کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ اموات کے بعد ملک بھر میں کورونا سے اموات کی کل تعداد 16ہزار 600ہو گئی ۔گزشتہ روز کورونا سے انتقال کرنے والوں میں 52 مریض وینٹی لیٹرپر تھے ۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 47 ہزار 301 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 5 ہزار 499 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے، مثبت کیسز کی شرح 11 عشاریہ 62 فیصد تک پہنچ چکی ہے ، ملک بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 83 ہزار 162ہو گئی ہے جن میں سے چار ہزار528مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 5 ہزار 488 مریض صحت یاب ہوئے۔
پاکستان میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد سات لاکھ 72ہزار 381ہو گئی ، پنجاب میں بڑھتے کیسز کی وجہ سے پنجاب کورونا سے متاثرہ سب سے بڑا صوبہ بن چکا ہے جہاں دو لاکھ 76ہزار 535 افردا کورونا سے متاثر ہوئے ، سندھ میں کیسز کی تعداد دو لاکھ 74ہزار 196، بلوچستان میں 21ہزار127، وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں 70ہزار 984، آزاد کشمیر میں 15ہزار873 اور گلگت بلتستان میں پانچ ہزار 204افراد متاثر ہوئے ۔
گوجرانوالہ میں 88 فیصد، ملتان اور لاہور میں 85 فیصد وینٹی لیٹر زیر استعمال ہیں۔ مردان میں کورونا مریضوں کیلئے دستیاب وینٹی لیٹرز میں 91 فیصد زیر استعمال ہیں۔ ملک بھر کے اسپتالوں میں کورونا کے 522 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ گوجرانوالہ میں 85 فیصد آکسیجن بیڈ زیر استعمال ہیں۔ پشاور 71، نوشہرہ 68 ،سوات میں 68 فیصد آکسیجن بیڈ زیر استعمال ہیں۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 13 لاکھ 19 ہزار 832 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ۔