شہریوں کا قتل، کوسٹ گارڈز کے اہلکاروں کو14،14سال قید کی سزا
گوادر(ڈیلی پاکستان آن لائن ) مقامی عدالت نے2 شہریوں کے قتل کے الزام میں کوسٹ گارڈز کے3 اہلکاروں کو 14، 14 سال قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق درمحمد اور دل مراد کو جولائی 2020ءمیں گوادر کے علاقے گول چوک نیو ٹاو¿ن میں قتل کیا گیا تھا۔ کوسٹ گارڈز کے اہلکار قتل کے بعد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔پولیس نے ایک عینی شاہد چوکیدار کے بیان کی روشنی میں کوسٹ گارڈز کے تین اہلکاروں صوبیدار رمضان، نائیک نثار اور نائیک شاہد کو گرفتار کرکے چالان عدالت میں پیش کیا۔گزشتہ روز سیشن کورٹ گوادر کے جج طاہر ہمایوں نے جرم ثابت ہونے پر تینوں اہلکاروں کو ہر ایک قتل میں 14 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
مقتولین نے منشیات فروشوں کی کشتی میں سامان لوڈ کیا تھا اور پیشہ کے لحاظ سے وہ مزدور تھے۔ کوسٹ گارڈز کے آنے پر منشیات فروش فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے لیکن کوسٹ گارڈز کی فائرنگ سے دو مزدور مارے گئے تھے۔