وزیر خارجہ کا دورہ ایران، اہم منصوبے کا قیام عمل میں آگیا
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ ایران کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اورایران کےمابین تیسری بین السرحدی تجارتی منڈی کاقیام عمل میں آگیا ہے۔گزشتہ دسمبر کوان دونوں وزراءنےرمضان گبد بین السرحدی تجارتی منڈی کاسنگ بنیاد رکھا تھا۔آج اس منڈی کا افتتاح کردیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں ایرانی وزیراورپاکستانی وزیر دفاعی پیداوارزبیدہ جلال نےشرکت کی۔یہ تجارتی منڈی پاک ایران سرحدی علاقےمندپشین میں قائم کی گئی ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے کہا کہ آج کا دن پاکستان اور خصوصاً بلوچستان کے عوام کیلئے تاریخی ہے،چھ ماہ کے قلیل عرصے میں دو کراسنگ پوائنٹس کھولنا اہم سنگ میل ہے۔تیسرے بارڈر کراسنگ پوائنت سے پاک ایران عوامی رابطوں، خصوصاً مذہبی سیاحت کو فروغ ملے گا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اور ایران کے تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے دورہ ایران کے دوران ہی ایرانی حکومت نے گزشتہ آٹھ سال سے پاکستانی کینو کی ایکسپورٹ پر لگی پابندی کو بھی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔