عظمیٰ بخاری کی وزیراعظم پر کڑی تنقید ، زکوۃ اور خیرات کے پیسوں سے جائیداد خریدنے کا سنگین الزام عائد کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ زکوۃ اور خیرات کے پیسوں سے جائیداد خریدنے والے ہمیں اخلاقیات نہ سیکھائیں،آر ٹی ایس بند نہ ہوتا تو تحریک انصاف کبھی اقتدار میں نہ آتی ،عمران خان اشتہاری ملز م ہوتے ہوئے وزیراعظم بنے،شاہد خاقان عباسی عوام سے ووٹ لے کر اور عمران خان ووٹ چور ی کر کے وزیراعظم بنے،عمران خان اور عارف علوی پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کرنے پر قوم سے معافی مانگیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو حکومت ہر وقت بھاگ جاتی ہے وہ ہمیں بتارہی ہے ہمیں کہاں بھاگنا چاہیے کہاں نہیں؟ آپ کے گند کو سمیٹنا ہماری ذمہ داری نہیں ہے، یہ جو آپ نے ملک میں فساد پیدا کرایا ہے اب آپ اس کا مزہ چکھیں،ہمارے خلاف مذہب کارڈ استعمال کیا گیا ،اس کے باوجود ہم نے کسی شرانگیزی کو سپورٹ نہیں کیا، 2017 کے دھرنے کی بات نہ کیا کریں میں تو سنا دوں گی لیکن آپ سے سنا نہیں جائیگا، وہ ایک فرمائشی دھرنا تھا ،وہ جس طرح لائے گئے وہ بھی ایک تاریخ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اخلاقیات کا درس تحریک انصاف سے ہمیں نہیں لینا،ماضی میں پارلیمنٹ پر لعنتیں بھیجی گئی،موجودہ صدر اور وزیراعظم نے پی ٹی وی فتح کرنے پر مبارکبادیں دی،انہوں نے بجلی کے بل جلائے اور ہنڈی کے ذریعے پیسے بھیجنے کے مشورے دیے،آج یہ لوگ ہمیں اخلاقیات کا درس سیکھارہے ہیں،آر ٹی ایس بند نہ ہوتا تو تحریک انصاف کبھی اقتدار میں نہ آتی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی سے معافی مانگنے کا مطالبے کرنے والے پہلے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے پر قوم سے معافی مانگیں،معافی منگوانی ہے تو عمران خان سے منگوائیں جس نے قوم سے پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں کا جھوٹ بولا،عمران خان نے نوے دن میں ملک کے مسائل حل کرنے اور آئی ایم ایف نہ جانے کا وعدہ کیا ۔زکوۃ اور خیرات کے نام پر بیرون ملک سے مالی امداد لینے والے عمران خان سے معافی منگوائیں،غریبوں سے چیرٹی کے نام پر پیسے وصول کرتے ہیں اور علیمہ باجی کے نام پر دبئی اور امریکہ میں اربوں کی جائیدادیں خرید لی جاتی ہیں۔
ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا کوئی ذریعہ معاش نہیں پھر بھی اربوں روپے کی جائیدادوں کے مالک ہیں،قوم سے آٹا اور چینی چوری کرنے پر عمران خان معافی مانگیں،پاکستان کے قرضے دن بدن بڑھتے ہیں لیکن حکومت کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی،شاہد خاقان عباسی کے بغیر پارلیمنٹ چلنے نہیں دینگے،عمران خان ووٹ چوری کرکے آئے شاہد خان عباسی عوام کے ووٹ لے کرآئے۔ملک میں آگ لگی ہے مسلم امہ کا بہادر لیڈر کہلوانے والا شخص کہی چھپ کر بیٹھا تھا،ناموس رسالتﷺ کی قرارداد ایک پرائیویٹ ممبر کی جانب سے پیش کرائی گئی،امجد علی خان کا کیا فرانس سے ذاتی مسئلہ ہے؟اس حکومت نے کل پاکستانی قوم کو بیوقوف بنایا ہے،بھونڈے طریقے سے حکومت نے یہ معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی،حکومت ختم نبوتﷺ کا استعمال بہت غلط انداز میں کررہی ہے،ہم نے اس معاملے میں بہت ذمہ داری کا رول ادا کیا،عمران خان نے خطاب میں نوازشریف کا دور حکومت اور سلمان رشدی کے کتاب کا وقت قراردے دیا،میری گزارش ہے کہ اس کو خطاب سے پہلے کچھ تیاری کرادیا کریں۔