پاکستانیوں نے بے مثال محبت دی،زندگی بھر شکر گزار رہیں گے:سکھ یاتری

پاکستانیوں نے بے مثال محبت دی،زندگی بھر شکر گزار رہیں گے:سکھ یاتری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      لاہور(رپورٹ:حسن عباس زیدی،تصاویر ندیم احمد)پاکستان آکر کسی قسم کی اجنبیت کا احساس نہیں ہو ا ایسا لگا ہی نہیں کہ ہم لوگ پہلی بار یہاں آئے ہیں یہاں پر متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے بارڈر پر ہمارے استقبال سے لے کر جہاں بھی ہم گئے ہمارے لئے بہترین انتظامات کئے گئے اس بات پر حکومت کا جتنا شکر ادا کریں وہ کم ہے۔کرتار پور راہداری کے حوالے سے سابق وزیر اعظم عمران خان نے جو اقدامات کئے اس کے لئے سکھ برادری ہمیشہ شکر گزار رہے گی ان خیالات کا اظہار وساکھی میلہ اور دیگر مذہبی رسومات میں شرکت کے لئے بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں ترلوچن سنگھ،ستوندر کور،ستنام سنگھ،اوتار گل اور منجیت سنگھ نے ”پاکستان فورم“میں گفتگو کے دوران کیا اس موقع پر ان کے پاکستانی دوست شابان بھی موجود تھے۔اوتار گل نے کہا کہ  پاکستان آکر جو محبت ملی اس کا جواب نہیں، دکانداروں نے تو شاپنگ کے بعد ہم سے پیسے بھی نہیں لئے۔ترلوچن لاچی کا کہنا تھا کہ دونوں سرکاروں کو ویزا کے حوالے سے نرم اقدامات کرنے ہونگے تاکہ دونوں ملکوں کی عوام ایک دوسرے سے ملے اور ہمارے درمیان پیار محبت بڑھے۔کرتار پور کا دورہ کرکے دل خوش ہوگیا پاکستانی حکومت نے ہمارے مقدس مقامات کی شاندار انداز میں دیکھ بھال کی۔ مجیب الرحمن شامی صاحب کی دعوت پرروزنامہ پاکستان کا دورہ کیا ان کی مہمان نوازی بھی یاد رہے گی۔ستنام سنگھ نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے نمائندوں نے زبردست انداز میں ہماری میزبانی کی  میری خواہش ہے کہ میں بار بار پاکستان آؤں۔ستوندر کور نے کہا کہ میں پہلی بار پاکستان آئی ہوں اس خوشی کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔منجیت سنگھ نے کہا کہ سب سے پہلے ہم پنجہ صاحب گئے اور بعد میں ننکانہ صاحب،کرتار پور لاہور ڈیرہ صاحب کے علاوہ سیالکوٹ میں گرودوارہ بیری صاحب کی بھی زیارت کا موقع ملا۔عوام نے جس محبت والا سلوک کیا اس کا جواب نہیں یہاں پر ہماری سیکیورٹی کا بہترین بندو بست کیا گیا تھا۔منجیت سنگھ نے کہا کہ جس بھی ہوٹل میں روٹی کھانے کوگئے وہاں پر کوئی نہ کوئی اٹھ کر آگیا کہ بل کی ادائیگی ہم کریں گے ایک زمانے میں ہم لوگ دوربین کے ذریعے کرتار پور کی زیارت کرتے تھے لیکن راہداری بننے کی وجہ سے ہمیں آنے جانے کا موقع مل گیا یہ عمران خان کا ایسا کارنامہ ہے جس کے لئے پوری دنیا کے سکھ ان کے شکر گذار ہیں۔