الحمراء میں ’جشن خودی‘ کی شاندار تقریب 

 الحمراء میں ’جشن خودی‘ کی شاندار تقریب 
 الحمراء میں ’جشن خودی‘ کی شاندار تقریب 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


محکمہ اطلاعات وثقافت پنجاب کے زیر اہتمام بزم اقبال لاہور اور الحمراء آرٹس کونسل مشترکہ طورپر علامہ اقبالؒ کے یوم وفات پر،ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 22  اپریل بروز جمعہ جشن خودی کی شاندار تقریب کا اہتمام کر رہے ہیں۔جشن خودی کی تقریب افطار ڈنر کے بعد شروع ہو گی اور رات گئے تک جاری رہے گی۔ تقریب میں سیمینار، کلام اقبال، ٹیبلو، رقص خودی اور قوالی پیش کی جائے گی۔ 
 بزم اقبال الحمراء میں علامہ اقبال ؒ پر شائع شدہ کتب کی نمائش کا اہتمام کر رہی ہے۔ علامہ اقبالؒؒ پر شائع شدہ کتب کی نمائش کا مقصد نوجوان نسل کو اس عظیم مفکر، شاعر، فلسفی (علامہ اقبالؒ) کی شخصیت، زندگی اورنظریہ پاکستان بارے سیر حاصل معلومات فراہم کرنا ہے۔ نمائش میں کتب بینی کے فروغ کیلئے سستی اور معیاری کتب رعایتی قیمت پر فراہم کی جائیں گی۔
 جشن خودی تقریب میں ممتاز دانشور اور اقبالؒ سکالر جسٹس (ر) محترمہ ناصرہ جاوید اقبال صاحبہ، محترمہ منیزہ ہاشمی صاحبہ چیئرپرسن الحمراء آرٹس کونسل، پروفیسرڈاکٹر وحید الزمان طارق، محترم مجیب الرحمن شامی، چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان لاہور اور ڈاکٹر بصیرہ عنبرین صاحبہ خطاب کریں گی۔گلوگارہ حنا نصر اللہ اور سارہ رضا خان کلام ِاقبال پیش کریں گی۔ قوال ندیم جمیل خان ساتھیوں کے ہمراہ قوالی پیش کریں گے۔ معروف صداکار عدیل ہاشمی شکوہ و جواب ِ شکوہ پیش کریں گے۔یوم خودی کے موقع پرپنجاب یونیورسٹی اور ورسٹائل ڈانس گروپ کی پروفارمنس بھی حاضرین کی توجہ کا مرکز ہونگی۔ ممتاز ایکٹر اور اینکر ناصر شیرازی جشن خودی کی تقریبات میں کمپیئر نگ کے فرائض انجام دیں گے۔  الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے نوجوان آرٹسٹ یوم خودی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں گے۔
 سیکرٹری اطلاعات وثقافت پنجاب راجہ جہانگیر انور نہایت فعال، مستعد اور دیانتدار افسر ہیں جو ثقافت اور ثقافتی معیشت کو فروغ دینے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے ثقافتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ثقافتی معیشت کے فروغ کیلئے جامع اور قابل عمل منصوبے تیار کیے جائیں۔ یہ منصوبے جدید خطوط پر استوار کئے جائیں تاکہ صوبے میں نہ صرف ثقافت کو فروغ دیا جا سکے بلکہ اس کے ذریعے نوجوانوں اور عام لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم ہو سکیں۔
سال 2022 کو پنجاب حکومت نے علامہ اقبالؒ کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جشن خودی کی تقریب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں علامہ اقبالؒ کی شاعری،انکی سوچ و افکار سے نئی نسل کو آگاہ کیا جائے گا۔ 22اپریل کی رات کیلئے جامع پروگرام تیار کیا گیا ہے۔ راجہ صاحب کا کہنا ہے کہ علامہ اقبالؒ کے حوالے سے جشن خودی دراصل نوجوان نسل کیلئے اپنے فکر و عمل کو درست سمت پر ڈالنے کا اہم ذریعہ ثابت ہوگا۔جشن خودی پروگرام کی تمام کارروائی سوشل میڈیا کے ذریعے دْنیا کے کونے کونے تک براہ راست دکھائی جائے گی۔ محکمہ اطلاعات وثقافت اس اہم موقع پر شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کو خاص طور پر خراج عقیدت پیش کر رہا ہے۔ شعبہ ثقافت سے وابستہ تمام اداروں میں تجربہ کار افراد موجود ہیں جو باہمی اشتراک سے شعبہ ثقافت کے مطلوبہ اہداف حاصل کرلیں گے۔
راجہ جہانگیر انور صاحب نے چند روز قبل الحمراء میں محکمہ ثقافت کے اداروں کے مشترکہ اجلاس میں  ہارس اینڈ کیٹل شو اور دیگر مواقع پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسروں کو تعریفی سرٹیفکیٹ کے علاوہ انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن راؤ پرویز اختر سے کہا کہ وہ جلد بہت خوبصورت سرٹیفکیٹ تیار کروائیں تاکہ عمدہ کارکردگی دکھانے والے افسران میں تقسیم کئے جائیں۔
یوم خودی کی تقریب کو حتمی شکل دیتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء  ذوالفقار علی زلفی نے بتایا کہ رواں سال کو اقبالؒ کے سال کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیر انور کی خصوصی کاوشیں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری آزادی مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒکے خواب کی مرہونِ منت ہے۔انھوں نے مسلمانانِ ہند کو خواب غفلت سے بیدار کیا۔ان کا پیغام ہمارے اور آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ یوم خودی منانے کا مقصد نوجوانوں کو مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال ؒکے پیغام سے روشناس کروانا ہے۔ 
 علامہ اقبالؒنے سب سے پہلے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا۔ یہ تصور آج مجسم صورت میں دنیا کے سامنے آن بان و شان سے کھڑا ہے۔علامہ اقبالؒ نے قائداعظمؒ کو برطانیہ سے واپس آنے کی درخواست کی اور وہ 1934 میں وطن واپس آگئے۔قائد اعظم ؒ کے زیر قیادت برصغیر کے مسلمانوں نے 14 اگست 1947 میں اپنا آزاد وطن حاصل کیا۔
یہ حقیقت ہے کہ علامہ اقبالؒ کی تعلیمات صرف زندگی کے عمومی طور طریقوں کی جانب ہی ہماری رہنمائی نہیں کرتیں بلکہ ہمارے عہد کے مسائل کا حل بھی پیش کرتی ہیں۔اِن دنوں ہم شدت پسندی اور دہشت گردی کے جس مسئلے سے دوچار ہیں، اس کے خاتمے کیلئے فکر اقبال ؒ کا فروغ ہی خصوصی اور دائمی علاج ہے۔ ہماری قوم فکر اقبالؒ سے ہمیشہ روشنی اور ہدایت حاصل کر سکتی ہے۔ علامہ اقبالؒ کے افکار سے نوجوانوں اور نئی نسلوں کی بہترین تربیت کی جا سکتی ہے۔ تاکہ عالمی برادری میں ہم نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔ 
حکومت پنجا ب نے فکر اقبالؒ کو فروغ دینے کے لیے رواں سال کو اقبالؒ کا سال منانے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ راجہ صاحب کا خصوصی کارنامہ ہے۔ اس سلسلے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔راجہ جہانگیر انور نے پنجاب کیلئے پہلی بار ثقافتی پالیسی تیار کی جس کا مقصد نہ صرف پنجاب کی ثقافت بلکہ وطن عزیز کے دیگر علاقوں کی ثقافت کا فروغ بھی ہے۔ 

مزید :

رائے -کالم -