قومی اسمبلی،ایک ہفتہ بعد بھی اپوزیشن لیڈر کا انتخاب نہ ہوسکا
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی اجلاس میں ایم کیو ایم کے رکن اقبال محمدعلی کے انتقال پرتعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا اور پارلیمانی روایات کے مطابق مرحوم رکن کی دعائے مغفرت کے بعد بغیر ایجنڈا لئے اجلاس ملتوی کر دیا گیا،جس کی وجہ سے نو منتخب ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی حلف نہ اٹھا سکے۔اجلاس میں سندھ کے گاؤں میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونیوالے خواتین وبچوں کیلئے بھی دعا کرائی گئی۔بدھ کو قومی اسمبلی کااجلاس آج بروز جمعرات دوپہر 11بجے تک ملتوی کردیاگیا،ڈپٹی سپیکر سے بھی آج حلف لیاجائیگا۔بدھ کو قومی اسمبلی کااجلاس سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔اجلاس 48منٹ تاخیر سے شروع ہوا۔اجلاس کی معمول کی کارروائی شروع کرنے سے پہلے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ایوان کوآگاہ کیا ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی منگل کوفوت ہوگئے اس کیساتھ سندھ میں ایک گاوئں میں آگ لگنے سے ایک عورت اور 8بچے آگ میں جھلس کر جاں بحق ہوگئے ان کیلئے دعا کی جائے جس پر انہو ں نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی سید محمد شاہ کو دعاکرنے کاکہاتو انہوں نے ایوان میں دعا کرائی۔تعزیت کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا مرحوم کیساتھ 2002سے دوستی تھی 20سال سے وہ قومی اسمبلی کے رکن اورایم کیوایم کے اثاثہ تھے۔ اللہ انکی مغفرت فرمائے۔وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے کہا اقبال بھائی کا رویہ ہمیشہ خوشگوار رہتاتھا ان کو ڈپٹی بھائی کہہ کر بلاتے تھے۔کرکٹ کاان کوجنون تھا، وہ اپنی جماعت کے مخلص کارکن تھے اللہ ان کے لواحقین کو صبر دے۔انجینئر صابر حسین قائم خانی نے کہا ہم ڈپٹی بھائی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ان کے کام یاد رکھے جائینگے۔وزیر مواصلات اسعد محمود نے کہا اقبال محمد علی کی وفات پر ان کے پسماندگان کیساتھ تعزیت کرتا ہوں اور دعاہے اللہ ان کی مغفرت کرئے،ان کو ہمیشہ کراچی کے حوالے سے فکر مند اور جذباتی دیکھا مگر وہ پارلیمانی آدمی تھے۔رمیش کمار نے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا پاکستان میں سیاست خدمت نہیں اداکاری ہے۔ اقبال محمدعلی اچھے انسان تھے۔صلاح الدین نے کہا اقبال محمد علی ایم کیو ایم کیساتھ سب سیاسی جماعتوں میں مقبول تھے،ایم کیو ایم کے بنیادی کارکنوں میں تھے۔انہوں نے اسمبلی میں عوام نمائندے کا حق ادا کیا۔اسلم بھوتانی،اسامہ قادری،آغا حسن بلوچ، وفاقی وزیرانجینئر خرم دستگیر،شگفتہ جمانی،افضل ڈھانڈلہ،مولانا عبدالاکبر چترالی،ڈاکٹر درشن،شاہدہ رحمانی،آغا رفیع اللہ،سارہ بانو،طاہرہ اورنگزیب،نصیبہ چنا، عبدالقادر مندوخیل، رانا قاسم نون اورناز بلوچ نے بھی ایوان میں اظہارتعزیت کیا۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا اللہ سے دعا گو ہوں انکو جنت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر دے۔پارلیمان کی سابقہ رویات کے مطابق آج ایجنڈا نہیں لیاجائیگا اس لیے قومی اسمبلی کااجلاس آج بروز جمعرات دوپہر 11بجے تک ملتوی کیا جاتا ہے۔دوسری طرف قومی اسمبلی میں نئے قائدایوان منتخب ہونے کے ایک ہفتہ بعد بھی قائدحزب اختلاف کا انتخاب ہوسکااور نہ ہی حکومتی واپوزیشن ارکان کونشستیں الاٹ ہوسکیں، جس کی وجہ سے حکومتی ارکان اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ رہے ہیں۔قومی اسمبلی میں ارکان کونشستیں الاٹ نہ ہونے کی وجہ سے وفاقی وزیرصحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ابھی تک سیٹ الاٹ نہیں ہوئے، میں کہاں سے کھڑے ہوکربات کروں جس پر سپیکر نے کہا ان کے سامنے والامائیک ان کردیاجائے۔
قومی اسمبلی