مشیر ایکسائز ٹیکسیشن خلیق الرحمان کا ڈیرہ اسماعیل خان کا ایک روزہ دورہ
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا خلیق الرحمان نے کہا ہے کہ دہشتگرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، دنیا کے کسی مذہب میں بے گناہ لوگوں چاہے وہ کسی شعبے سے ہوں ان پر حملے کی اجازت نہیں دیتا۔ محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں کے دورے کے موقع پر کیا ہے، دورے کا مقصد گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین سے دعا اور تعزیت کرنا تھا۔ تفصیلات کے مطابق مشیر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا برائے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خلیق الرحمن گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے محکمہ ایکسائز کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر وسیم سجاد کے گھر واقع اٹھوگ ڈیرہ اسماعیل خان اور سب انسپکٹر رخسار خان کے گھر واقع بنوں گئے اور ان کے اہل خانہ اور لواحقین سے تعزیت کی۔ اس موقع پر محکمہ ایکسائز کے اعلیٰ حکام بھی مشیر کے ہمراہ تھے۔ مشیر ایکسائز خلیق الرحمن نے دہشت گردی کے واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کی انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کے لئے جان کی قربانی دینے والے تاریخ میں اپنا نام اور اپنے خاندان کا نام رقم کر لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کریگی، دہشت گردی کے واقعے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، دونوں شہید اہلکاروں کی قربانیاں اور خدمات نہ صرف محکمہ ایکسائز میں یاد رکھی جائیں گی بلکہ صوبے کی تاریخ میں بھی رقم ہونگی۔ خلیق الرحمان نے دونوں متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کی اور شہداء کے بلند درجات کے لئے دعا کی۔