فریز لینڈ کمپینا اینگرو پاکستان کے منافع میں 20.7 فیصد اضافہ

فریز لینڈ کمپینا اینگرو پاکستان کے منافع میں 20.7 فیصد اضافہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) فریز لینڈ کمپینا اینگرو پاکستان لمیٹڈ (ایف سی ای پی ایل) نے سال 2022 کی پہلی سہ ماہی کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ کمپنی کو رواں سال کے ابتدائی تین ماہ (جنوری تا مارچ) میں 14 ارب روپے کی آمدن ہوئی، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 20.7 فیصد زائد ہے۔  منافع میں اضافے کی وجوہات میں ڈیری، مشروبات اورمنجمد میٹھے (Frozen Desserts) کے حجم میں اضافے کے ساتھ ساتھ پورٹ فولیو مکس میں بہتری شامل ہے۔مہنگائی میں مسلسل اضافہ اور پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے اجناس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا، جس کے باعث کمپنی کو کاروباری چیلنجز کا سامنا رہا، اور جس کے نتیجے میں مجموعی مارجن میں 140 بیسز پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم لاگت میں کمی کے جدید اقدامات اور بچت کے طریقوں سے ایف سی ای پی ایل کو 664  ملین روپے  کا  بعد از ٹیکس  منافع  ہوا، جب کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 547 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع ہوا تھا، جو 10 بیسزپوائنٹس اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔معیاری مصنوعات کی فراہمی کے ذریعے پاکستان کی ترقی کے لیے پُرعزم ایف سی ای پی ایل نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز (UVAS) کے تعاون سے پاکستان نیدرلینڈز ڈیری ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کیا ہے۔ اس سینٹر کے قیام کا مقصد نیدرلینڈ کی ڈیری مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پیداوار میں اضافہ، غذائی تحفظ اور خوراک کی حفاظت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ڈیری ویلیو چین اور فوڈ منظرنامے میں استحکام کے ذریعے ڈیری ترقی  صلاحیت اور معیار کو بہتر بنانا ہے۔