زرعی یونیورسٹی‘ زنک نینو کھاد کے حوالے سے سیمینار
پشاور(سٹی رپورٹر) زرعی یونیورسٹی پشاور کے شعبہ سوئل اینڈ انوائرمینٹل سائنسز کے زیر اہتمام گزشتہ روز زنک نینو کھاد کے حوالے سے ایک روزہ سیمینار کا انعقاد ہوا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید وہاب نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی. چیئرمین شعبہ سوئل اینڈ انوائرمنٹل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف اور دیگر فیکلٹی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید وہاب کا استقبال کیا۔ ڈائریکٹر آمیر محمد خان کیمپس مردان، زرعی یونیورسٹی پشاور ڈاکٹر وقار احمد نے '' مکئی کی فصل پر اساسی اور تیزابی پی ایچ کی حالت میں زنک آکسائیڈ نینو پارٹیکل سے غذائیت اور نشوونما پر اثر کا جائزہ '' کے عنوان سے حال ہی میں یونیورسٹی آف فلوریڈا، امریکہ سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی تحقیق مکمل کی جوکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن، اسلام آباد نے سپانسر کیا تھا. ڈاکٹر وقار احمد نے شرکاء کو نینو زنک پارٹیکلز کی تشکیل، خصوصیات اور استعمال کے طریقہ کار سے متعلق لیکچر دیا اور بتایا کہ تیزابی اور الکلائن دونوں مٹی کے لئے محفوظ اور فائدہ مند خوراک ثابت ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر احمد نے تمام حاضرین کے سوالات کے جوابات دیئے اور انہیں مطالعہ کی مزید تفصیلات فراہم کیں۔ ڈاکٹر احمد اپنی تحقیق کو اشاعت کے لئے ہائی امپیکٹ فیکٹر جرنلز میں پیش کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر سید وہاب نے ڈاکٹر وقار احمد کی کاوشوں کو سراہا اور نینو ٹیکنالوجی و زنک نینو کھاد کی تشکیل کے لئے فنڈڈ منصوبوں کے لئے آگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کی۔ ڈین فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن سائنسز میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر فدا محمد نے مہمانوں اور سامعین کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹر وقار احمد کی تعریف کی۔