کراچی:بغیر اجازت عمارت تعمیر کرنے پربلڈر کے وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے بغیر اجازت عمارت تعمیر کرنے پربلڈر کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو عمل درآمد کا حکم دے دیاہے۔بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں ناظم آباد فائیو ڈی میں اجازت کے بغیرپانچ منزلہ عمارت کی تعمیر کے خلاف سماعت ہوئی۔ڈائریکٹر ایس بی سی اے سنٹرل کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کروا دیا گیا۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے جواب میں عدالت کو بتایا کہ ناظم آباد فائیو ڈی پلاٹ نمبر 10/12 پر غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں۔ ایس بی سی اے سے تعمیرات کی اجازت نہیں لی گئی ہے۔سندھ ہائیکورٹ نے مزکورہ بلڈنگ یوٹیلیٹی ایجنسیز کو پانی اور بجلی کے کنکشن دینے اور سب رجسٹرارکو بھی دستاویزات کی لیز سے روک دیا۔عدالت نے ڈی جی ایس بی سی اے سے غیر قانونی تعمیرات کے وقت علاقے میں تعینات ایس بی سی اے افسران کے نام طلب کرلیے۔عدالت نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث بلڈر کا بھی مکمل نام اور پتہ 15 روز میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے بلڈرشاہد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔عدالت نے شاہد کے 50 ہزار روپے مالیت کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او کو وارنٹ گرفتاری پرعمل درآمد کا حکم دے دیا۔سماعت کے دوران عدالتی احکامات ڈی جی ایس بی سی کو بھی ارسال کرنے کا حکم دیا گیا۔