مستقل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں:عمران خان
اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیر اعظم عمران خان سے امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے اہم ملاقات کی،جس میں دوطرفہ و باہمی تعلقا ت کے امور پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا بھارت میں نسل پرستی کا جن بوتل سے نکال دیا گیا ہے،ہندوستان میں نفرت کا رخ مسلمانوں کی جانب موڑا جارہاہے، بھارت میں ہندوتوا نظریات کا پھیلاؤ معقول دماغوں کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔ امریکی رکنِ کانگرس الہان عمر نے کہا دنیا بھر سے اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے عمرا ن خان نے قابل قدر قیادت پیش کی، دنیا بھر سے اسلاموفوبیا کیخلاف آوازیں بلند ہور ہی ہیں،اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے ایک مسودہ قانون خود امریکی پارلیمان میں لایا جارہا ہے۔بدھ کو بنی گالا میں ہوئی ملاقات میں شاہ محمود قریشی، اسدعمر، ڈاکٹر شیریں مزاری، زلفی بخاری، ڈاکٹر شہباز گل بھی موجود تھے۔ملاقات میں بھارت میں پھیلتے شدت پسند ہندو تو ا نظریے اور مسلمانوں پر اسکے تباہ کن اثرات پر بھی بات چیت کی گئی۔ امریکی رکنِ کانگرس الہان عمر نے کہا ایک عرصے سے آپ سے ملاقات کی خواہاں تھی،دنیا بھر سے مذہبی ا متیا ز خصوصاً مسلمانوں کیخلاف بغض و تعصب کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے،دنیا بھر میں اسلاموفوبیا کیخلاف توانا آواز بننے پراپکی مشکور ہوں۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم نے کہا محترمہ الہان عمر کی آمد کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہیں، کئی طرح کی مشکلات اور مزاحمت کے باوجود الہان عمر کا اسلاموفوبیا کے انسداد کا علم اٹھانا قابلِ تحسین ہے، حق کی سربلندی کیلئے جدوجہد رسول اللہ ؐ کی سیرتِ طیبہ کا خلاصہ ہے، نائن الیون کے بعد اسلام اور اہلِ اسلام کو بدترین انتقامی مہم کا نشانہ بنایا گیا،مسلم قیادت اہلِ عالم کو اسلام اور پیغمبرِ اسلام ؐکا در ست تعارف کروانے میں ناکام رہی،شدت پسندی اور دہشتگردی کو اسلام اور شعائرِ اسلام سے جوڑا گیا،رسول اللہ ؐ نے اہلِ عرب کے دل و دماغ جیت کر نظریاتی انقلاب برپا کیا۔ آپکی حیاتِ مبارکہ میں غزوات کے دوران دونوں جانب سے صرف 1200 افراد کی جانیں گئیں، اسلام کی دہشتگردی اور شدت پسندی سے نسبت کی کوئی توجیہ دستیاب نہ تھی۔د ر یں اثناء پاکستان تحریک انصاف نے بڑی تعداد میں ملزموں کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر ملک میں بلاتاخیر عام انتخابات کے انعقا د کے اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا غیرفطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، انواع و اقسام کے جرائم میں ملوث ملزمان کو وفاقی کابینہ میں بھرتی کرکے جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے،مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں،انتظامیہ رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کر ے، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں،مینارِ پاکستان کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا۔وہ بدھ کو اپنی زیر صدارت پارٹی کی مرکزی قیادت کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، اجلاس میں مینارِ پاکستان میں منعقد ہونیوالے تاریخی اجتماعِ عام کی تیاریوں پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا،ملکی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصاً حکومت کی تشکیل و ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہاپاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے، قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی ہوئی ہے، قوم اس وقت بیرونی سازش اور خودمختاری پر کئے جانے والے حملے پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے، اپنے لوگوں کو جانتا ہوں، قوم آزادی و خودمختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں۔ جب بھی کسی ملک پر فیصلہ کن وقت آتا ہے، قوم قیادت کی جانب دیکھتی ہے۔ شفاف انتخاب کے ذریعے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائیگا۔
عمران خان