سکیورٹی خدشات،عمران خان بذریعہ ویڈیو لنگ خطاب کریں،ڈی سی لاہور کا خط

سکیورٹی خدشات،عمران خان بذریعہ ویڈیو لنگ خطاب کریں،ڈی سی لاہور کا خط

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        لاہور (نمائندہ خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک) ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو خط لکھا ہے کہ آج مینار پاکستان میں ہونیوالے جلسے میں سکیورٹی خدشات موجود ہیں،لہٰذا عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان جلسہ گاہ آنے کے بجائے ویڈیولنک پر خطاب کریں۔ دوسری طرف پی ٹی آئی کی جانب سے مینار پاکستان کے سائے تلے دو مختلف سٹیج بنائے گئے ہیں،ایک مین سٹیج بنایا گیا ہے جو تین منزلہ ہے جس پر چیئرمین اور مرکزی لیڈر شپ بیٹھے گی اور اس کیساتھ ہی عین اسی سٹیج کے نیچے ایک دو منزلہ سٹیج بھی تیار کیا گیا ہے جس میں خواتین کے بیٹھنے کاانتظام کیا گیا ہے۔دونوں سٹیج پر ایک ہی تحریر درج ہے اور وہ ہے امپورٹڈ حکومت نا منظور،یہ الفاظ بہت ہی واضح شکل میں تحریرکئے گئے ہیں تاکہ دیکھنے والوں کو دور سے ہی نظر آ جائے۔جلسہ میں شرکت کیلئے کارکنوں کیلئے ٹیکسالی گیٹ مختص کیا گیا ہے جو سیدھا مینار پاکستان کے اندر داخل ہو گا۔مینار پاکستان کے چاروں اطراف میں پی ٹی آئی کے پرچم لگا دیئے گئے ہیں جبکہ مینار پاکستان کے اطراف میں پی ٹی آئی کے مختلف لیڈروں کی بڑی بڑی فلیکیسں بھی لگا دی گئی ہیں، جلسہ گاہ کے سٹیج اور پورے پنڈال کے چاروں اطراف بڑی بڑی لائٹس بھی لگا دی گئی ہیں جبکہ پینے کے پانی کا بھی وافر انتظام کیا گیا ہے، جلسہ گاہ کے سٹیج کو تقریبا تین دنوں میں تیار کیا گیا اور جلسہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پی ٹی آئی لاہورا ور پنجاب تنظیم پچھلے تین دنوں سے روزانہ کی بنیادوں پر مینار پاکستان جا کر جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لتی رہی ہے،جبکہ افطار کے بعد روزانہ لاہور کے مختلف مقامات سے جلسہ کے حوالے سے عوام میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے ریلیاں بھی نکالی جاتی رہیں۔سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری سمیت پی ٹی آئی کے مرکزی و صوبائی قائدین لاہور پہنچ چکے ہیں اور وہ بھی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان آج جمعرات کو رات 8بجے مینار پاکستان گریٹر اقبال پارک میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
ڈی سی لاہور

مزید :

صفحہ اول -