لاہور میں قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سیاسی جماعتوں کی تشہیری مہم عروج پر
لاہور (جنرل رپورٹر) سیاسی پارہ ہائی ہونے کیساتھ ساتھ تشہیری مہم تیزہے تو لاہور کی شاہراہیں جلسہ گاہ کا منظر پیش کررہی ہیں،مگر کسی بھی سیا سی پارٹی نے اشتہاری مہم کے عوض پی ایچ اے کو فیس جمع نہیں کروائی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کی مرکزی شاہراہیں سیاسی اشتہاری مہم کا محور بنی ہوئی ہیں۔ سیاسی درجہ حرارت بڑھا تو تشہیری مہم میں بھی تیزی آ گئی۔ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے متعلقہ اتھارٹیز سے منظوری اور فیس ادا کئے بغیر تشہیری مہم کی بھرمار کر دی ہے۔شہر کی مرکزی شاہراہوں پر(ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے بینر ر ز، فلیکسز اور سٹیمرز آویزاں ہیں تو ساتھ ہی سڑکوں پر لگے لائٹس پولز پر بھی پارٹی پرچم لگا دئیے گئے۔ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور فیروزپور روڈ پر سیاسی تشہیری مہم کی گئی ہے۔ تحر یک انصاف نے آج 21 اپریل کے جلسے کی مناسبت سے فلیکسز لگارکھی ہیں، جبکہ مسلم لیگ(ن) کی جانب سے بھی مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے پر مبارکباد کے فلیکسز و سٹیمرز آویزاں ہیں۔ گورنر ہاؤس اور پنجاب اسمبلی کی عمارت کے سامنے بینررز اور سٹیمرز کی بھرمار ہے،اور دونوں پارٹیوں نے سیاسی تشہیر میں قوانین کو پامال کیا ہے۔ اشتہاری مہم کیلئے متعلقہ اتھارٹیز سے اجازت لینے کی زحمت بھی گوارا نہیں کی، اس حوالے سے پی ایچ اے انتظامیہ کا کہنا ہے کسی بھی سیاسی پارٹی کی طرف سے فلیکسز اور بینررز لگانے کی اجازت نہیں لی گئی۔ اتھارٹی کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے سٹیمرز اور بینررز اتار رہی ہیں۔
تشہیری مہم