عمران خان کی مقبولیت پرامپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار،بیرسٹرسیف
پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ عمران خان کی عوام میں بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھ کر امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ مینار پاکستان لاہور پر منعقدہ کل کے عظیم الشان جلسے میں شہریوں کی شرکت میں روڑے اٹکانے کی کوششیں کی جا رہی ہے۔ انٹرنیٹ سروس کی معطلی اسی سلسلے کی ایک کڑی محسوس ہوتی ہے۔ ملک ایک بار پھر 90 کی دہائی کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ یہاں اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ بیرونی سازش سے عمران خان کی حکومت کا خاتمہ تو کر دیا گیا لیکن اس سے تحریک انصاف عوام میں پہلے سے زیادہ مقبول ہوئی ہے اور شہریوں نے عمران خان کے بیانیے کا ساتھ دیتے ہوئے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کر دیا ہے۔ عمران خان کل مینار پاکستان پر تاریخ کے سب سے بڑے جلسے سے خطاب کریں گے لیکن ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت پر ابھی سے گھبراہٹ طاری ہو چکی ہے اور وہ اس جلسے کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے۔ وفاقی حکومت مرمت کا بہانہ بنا کر انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کا ارادہ کر چکی ہے تاکہ شہریوں کو اس جلسے میں شرکت سے روکا جا سکے۔
بیرسٹرسیف