دنیا کے امیرترین افراد میں سے ایک ایلون مسک اپنے گھر سے بھی محروم لیکن اب وہ کہاں رہائش پذیر ہیں؟ یقین کرنا مشکل

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) سپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایلون مسک اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ انہوں نے کچھ عرصہ قبل اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے تمام مادی اثاثے فروخت کرنے جا رہے ہیں، جس پربعد ازاں انہوں نے عملدرآمد کرتے ہوئے اپنا گھر تک فروخت کر ڈالا۔ اس کے بعد سے وہ کہاں رہائش پذیر ہیں؟ اس حوالے سے ایلون مسک نے گزشتہ روز ایک انٹرویو میں یہ انکشاف کرکے لوگوں کو حیران کر دیا ہے کہ وہ اپنا گھر بیچنے کے بعد دوستوں کے گھروں میں رہ رہے ہیں۔
دی نیوز کے مطابق ہفتے کے روز ایک انٹرویو میں ایلون مسک نے بتایا کہ ”میرے ذاتی اخراجات اتنے زیادہ نہیں ہیں جتنا لوگ خیال کرتے ہیں۔ اگر میں اپنی ذات پر سالانہ اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہوتا تو یہ میرے لیے مشکلات کا سبب بن سکتا تھا مگر حقیقت ایسی نہیں ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اس وقت میرے پاس اپنا گھر بھی نہیں ہے اور میں اپنے دوستوں کے گھروں میں رہ رہا ہوں۔“
رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے بتایا کہ ”اگر میں ’بے ایریا‘ جاتا ہوں جہاں ٹیسلا کی زیادہ تر انجینئرنگ ہوتی ہے، وہاں میں اپنے دوستوں کے اضافی بیڈرومز میں رہتا ہوں۔ کبھی کسی دوست کے گھر اور کبھی کسی دوست کے گھر۔میرے پاس کوئی لگژری کشتی نہیں ہے، میں چھٹیاں منانے نہیں جاتا۔ ہاں میرے پاس اپنا نجی ہوائی جہاز ہے، جسے رکھنا مجبوری ہے۔ اگر میں ہوائی جہاز نہیں رکھتا تو میرے کام کا ہرج ہو گا اور میں بہت کم کام کر پاﺅں گا۔“