ضمنی انتخابات:قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ کاوقت ختم ،گنتی کاعمل شروع ہوگیا 

ضمنی انتخابات:قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ کاوقت ...
ضمنی انتخابات:قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ کاوقت ختم ،گنتی کاعمل شروع ہوگیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )ملک کے مختلف علاقوں میں ضمنی انتخابات 2024 کے لئے قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ عمل 5 بجے ختم ہو گیا جبکہ ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی ۔
الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ 5 بجے پولنگ سٹیشنز کے دروازے بند کر دیے جائیں گے تاہم احاطے کے اندر موجود ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔قومی اسمبلی کے جن حلقوں میں ضمنی انتخاب ہورہا ہے ان میں پنجاب کے 2، خیبر پختونخوا کے 2 اور سندھ کا ایک حلقہ شامل ہے۔ صوبائی اسمبلیوں کی جن نشستوں پر ضمنی الیکشن ہورہا ہے اس میں پنجاب اسمبلی کی 12، بلوچستان اور سندھ کی 2،2 نشستیں شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سول آرمڈ فورسز اور فوج تعینات کرنے کی منظوری  دی ہے۔پولیس سکیورٹی پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہلکار تیسرے حصار میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔
قبل ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب میں 40 لاکھ 44 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے،ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب کے 2599 پولنگ سٹیشنز میں سے 419 انتہائی حساس، 1081 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ 663 مردانہ، 649 زنانہ، 1289 جوائنٹ پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں،آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ سیکیورٹی الرٹ ہے، لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ امن دشمن عناصر پر کڑی نظر ہے، کسی کو بھی الیکشن کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے نہیں دی گئی۔