مٹھی بھر عوام کو 18کروڑ عوام کے حقوق غصب نہیں کرنے دینگے،حنا پرویز

مٹھی بھر عوام کو 18کروڑ عوام کے حقوق غصب نہیں کرنے دینگے،حنا پرویز

  


لاہور( جنرل رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ مٹھی بھر افرادکو 18 کروڑ عوام کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی نام نہاد انقلابی ملک کے لئے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں‘ موجودہ حالات میں ملک کسی بھی انارکی یا افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتابازاری زبان استعمال کر کے عمران خان اور کنٹیر بابا نے اپنی اصلیت ظاہر کردی ملک کی اٹھارہ کروڑ عوام ملک کے اندر جمہوریت کے پودے کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتی ہے لیکن بعض عناصر غیر ملکی ایجنڈے پر ملک کے اندر افراتفری اور انتشار پیدا کرکے جمہوریت کو کمزور کرنے کے راست پر گامزن ہیں ملک میں جمہوریت کی باتیں کر نے والے پہلے اپنی پارٹی میں جمہوریت لائیں دو لوگ غیر ملکی ایجنڈے پر پاکستانی ریاست کو تباہ کرنے میں مصروف ہیں لیکن محب وطن پاکستانی ایسا نہیں ہونے دیں گے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ عمران خان نے سول نافرمانی کا اعلان کر کے ملک وقوم کے خلاف سازش کا حصہ بننے کا اعتراف کر لیا ہے حکومت ،عوام اور اداروں کو لڑانے کی اس سنگین سازش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں بغیر ایجنڈا آزادی اور انقلاب مارچ کے نام پر اسلام آبادپر قبضہ کر نے کی عالمی سازش کا حصہ بننے کی عمران خان اور طاہرالقادری کی خواہش کبھی پوری نہ ہونے دیں گے انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کو مارچ میں شریک کرنے کے دعویدار چند ہزارلوگوں کو جمع کرسکے اور اب اپنی شرمندگی چھپانے کے لئے نئے نئے شوشے چھوڑہے جا رہے ہیں ملک میں جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازشوں کو عوام ناکام بنا دیں گے‘ اگر عمران خان چند ہزار لوگوں کواکٹھا کرکے حکومت ختم کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں تو یہ ان کی بھول ہے‘ انہیں یاد رکھناچاہئیے کہ میاں نواز شریف کے چاہنے والے کروڑوں میں ہیں اوراگر وہ چاہیں تو ان سے کئی گنا زیادہ عوام کو اکٹھا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پڑھا تھا کہ گاندھی نے سول نا فرمانی کی تحریک انگریزوں کے خلاف چلائی تھی جبکہ عمران خان نے سول نا فرمانی کی تحریک پاکستان کے خلاف چلا نے کا اعلان کر کے غداری کا ارتکاب کیا ہے لہٰذا انکے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کی جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -