جمہوریت اور قانون کی عملداری کو سنگین خطرات ہیں،تنویر کائرہ
لاہور(نمائندہ خصوصی) حکومت کی نااہلی اور سستی ، پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کی سیاسی انتہاء پسندی کی وجہ سے ملک کے سیاسی حالات اس نہج پر پہنچ گئے ہیں کہ جس سے آئین پاکستان ، جمہوریت اور قانون کی عملداری کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ یہ بات پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل تنویر اشرف کائرہ نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ موجودہ حکومت حالات کی سنگینی کو سمجھ ہی نہیں سکی اور راست اقدام اٹھانے میں دیر کی وجہ سے حالات مزید خراب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالات کو قابو میں لانے کے حالیہ حکومتی اقدامات جو بوکھلاہٹ میں اٹھائے گئے اُن سے حالات بد سے بدتر ہوگئے ہیں۔ تنویر اشرف کائرہ نے بوجھل دل کے ساتھ کہا کہ ہمارے سر شرم سے جھک جاتے ہیں جب اقوام عالم ٹی وی سکرین پر ہماری سیاسی پارٹیوں کو ایکدوسرے سے دست و گریباں ہوتے ہوئے دیکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان سیاسی جماعتوں کے قائدین کے کردار سے جمہوری رویے کی رتی بھر بھی نظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پچھلی حکومت نے اپنی آئینی مدت مفاہمت اور مصالحت کی پالیسی کی بدولت مکمل کی جنکو عملی جامہ سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے پہنایا۔