50 سالہ خانہ بدوش نے پہلی بیوی کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کر دیا

50 سالہ خانہ بدوش نے پہلی بیوی کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کر دیا
50 سالہ خانہ بدوش نے پہلی بیوی کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کر دیا
کیپشن: zaheer

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(بلال چودھری)عورت ہی عورت کے خون کی پیاسی ہو گئی ، جواں سالہ بیوی کے روٹھنے پر 50سالہ خانہ بدوش شوہر نے پہلی بیوی کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا،پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیے مردہ خانہ میں بھجوا کر شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیاتاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہ لائی جا سکی۔تفصیلات کے مطابق واسا کالونی فضل پارک مہندی والا گودام شادباغ میں قائم جھگیوں کی رہائشی سات بچوں کی ماں نصرت بی بی گھروں میں محنت مزدوری کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پالتی تھی ۔پولیس کے مطابق نصرت بی بی کی 25سال قبل ملزم مظہر جاوید سے شادی ہوئی تھی جبکہ دو سال قبل اس نے جواں سالہ رخسانہ سے شادی کر لی تھی اور دونوں سوکنوں میں آئے روز لڑائی رہتی تھی۔چند روز قبل رخسانہ اسی لڑائی کی وجہ سے گھر سے روٹھ کر میکے چلی گئی۔جاوید گزشتہ روز اسے منا کر گھر لایالیکن دونوں سوکنوں میں لڑائی ہو گئی جس پرطیش میں آکر رخسانہ نے مقتولہ نصرت بی بی کو پکڑ لیا اور جاوید کو اسے جان سے مارنے کو کہا،جاوید نے رخسانہ کی ایماء پر گھر میں موجود کلہاڑی سے نصرت کے سر پر وار کئے جس کی وجہ سے وہ موقعہ پر جاں بحق ہو گئی جبکہ دونوں ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے موقعہ پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے میو ہسپتال میں بھجوا دیا ہے جبکہ مقتول نصرت بی بی کے بھائی شہباز کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔مقتولہ کے بھائی شہباز،والدہ زینب بی بی ،بیٹی رضیہ نے نمائندہ\" پاکستان \" سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جاوید پہلے بھی نصرت بی بی پر تشدد کرتا تھا لیکن گزشتہ روز رخسانہ بی بی نے جاوید کے ساتھ مل کرظلم کی انتہا کر دی اور بچوں کے سامنے اس کو کلہاڑیوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔ ملزمان پتوکی کی جانب فرار ہو گئے ہیں اور وہاں جا کر انہوں نے ہمیں بھی جان سے مار دینے کی دھمکیاں فون کر کے دی ہیں جبکہ پولیس کی جانب سے ملزمان کو پکڑنے کے لئے کوئی کارروائی ابھی تک نہیں کی گئی ہے۔ملزم جاوید کی والدہ صوبیہ بی بی اور بھائی لیاقت نے بتایا کہ جاوید نشہ کا عادی تھا اور نشہ پورا نہ ہونے کی صورت میں اپنی بیوی سے مار پیٹ کرتاجبکہ اس کی دوسری بیوی بھی اس کے ساتھ مل کرنشہ کرتی تھی ۔گزشتہ روز انہوں نے مار پیٹ کے بعد نصرت بی بی کو قتل کر دیا۔

مزید :

علاقائی -