وزیراعظم استعفانہیں دینگے
اسلام آباد(اے این این)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چند ہزار لوگوں کے مطالبے پر وزیراعظم کبھی استعفیٰ نہیں دینگے،خواتین اور بچوں کی وجہ سے برداشت کا مظاہرہ کیا، حکومت کسی بھی وقت کارروائی کر سکتی ہے ، اگلے 48 گھنٹے اہم ہیں، تاریخ کے آگے شرمندہ ہونے کی روایت نہیں ڈالنا چاہتے ۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیردفاع نے کہاکہ ایوان کی اکثریت نے نواز شریف کو وزیراعظم منتخب کیا ہے اور تمام سیاسی جماعتوں نے ان پر اعتمادکااظہار کیا ہے اس لئے چند ہزار لوگوں کے مطالبے پر وزیراعظم کبھی استعفیٰ نہیں دینگے یہ کوئی انا کا مسئلہ نہیں، قانونی حل نکالنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب خواتین اور بچوں کی وجہ سے برداشت کا مظاہرہ کیا لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھاجائے کارروائی کسی بھی وقت ہوسکتی ہے اس حوالے سے اگلے 48 گھنٹے اہم ہیں۔انہوں نے کہاکہ تاریخ کے آگے شرمندہ ہونے کی روایت نہیں ڈالنا چاہتے،وزیراعظم کو غیرآئینی طریقے سے نہیں ہٹایاجاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ دھرنا دینے والے ہمارے بچے اور بچیاں ہیں، ہم نے تحمل اور بردباری کی روایت قائم کی، ہم بھی لاکھوں لوگوں کو جمع کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افراد آتے جاتے رہتے ہیں، ادارے قائم رہنے چاہئیں،خدانخواستہ آئین اور جمہوریت پامالی ہوئی تو ملکی بقاء خطرے میں پڑسکتی ہے۔