ملکی معیشت سے کھیلنے والے قومی مجرم ہیں،تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی ،شہباز شریف

ملکی معیشت سے کھیلنے والے قومی مجرم ہیں،تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی ...
 ملکی معیشت سے کھیلنے والے قومی مجرم ہیں،تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی ،شہباز شریف
کیپشن: 1

  

لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاک ا فواج دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تاریخی کام سرانجام دے رہی ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں نمایاں کامیابیاں سمیٹ رہی ہیں ۔ کوئٹہ میں سمنگلی اور خالد اےئر بیس پر پاک فوج کی کامیاب کاروائی پوری قوم کی تحسین کی مستحق ہے جہاں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے جرأت اور بہادری کی داستان رقم کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔وہ یہاں مسلم لیگ (ن) کے مختلف وفود سے بات چیت کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے نام پر ہنگامہ آرائی کرنے والے شمالی وزیرستان کے مصیبت زدہ عوام کو بھول گئے ہیں۔ ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے اپنا حال قربان کرنے والے ہمارے بہن بھائی خیبرپختونخوا کے حکمرانوں اور سیاست دانوں سے بہتر سلوک کے مستحق تھے لیکن مصیبت کی گھڑی میں خیبر پختونخوا کے حکمرانوں اور سیاستدانوں نے انہیں نظرانداز کیا ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مشکل میں گھرے ہوئے بہن بھائیوں کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔ اس ضمن میں پنجاب حکومت آئی ڈی پیز کی بحالی کے لیے امداد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی عناصر جان لیں کہ قوم کے دکھوں کو خوشیوں میں بدلنے کیلئے آخری لمحہ بھی بہت قیمتی ہوتا ہے۔ معاہدے کے بعد پارلیمنٹ پر جانے کا اعلان عمران خان کا ایک اور یو ٹرن ہے اور کوئی محب وطن پاکستانی پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کا اعلان نہیں کر سکتا، جمہوری اداروں پر حملے کی باتیں دراصل آئین اورقانون پر حملے کے مترداف ہیں۔ پارلیمنٹ پوری قوم کی امانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پر یلغار کرنے والے ملک میں دراصل جمہوریت کا انہدام چاہتے ہیں ۔ محاذ آرائی اور انتشار کی سیاست ملکی معیشت تباہ کر کے رکھ دے گی جس کا خمیازہ پاکستان کے کروڑوں سرکاری ملازموں ، کاشتکاروں ، محنت کشوں ، اساتذہ اور اس کے بعد آنے والی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا ۔پاکستان کی معیشت سے کھیلنے والے قومی مجرم ہیں اور تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ نام نہاد احتجاج کا ایک ایک لمحہ ملک کو کروڑوں روپے میں پڑ رہا ہے او ر اسلام آباد میں دھرنا دینے والے عناصر ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کر کے غربت اور بیروزگار ی کے اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -