اب کسے مشورہ دے کوئی

اب کسے مشورہ دے کوئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ہماری عادت ہے کہ ہم مفت مشورہ دینے کے بہت شوقین ہیں بھلے ہی کوئی مانے یا نہ مانے! ایسا ہی پچھلے دنوں ہوا جب ایک والد نے ہمیں جہاندیدہ ماہر تعلیم سمجھ کر پوچھا کہ بچے کو اردو میڈیم میں پڑھاؤں یا انگریزی تعلیم دلواؤں تو ہم نے جھٹ سے انگریزی تعلیم کے قصیدے پڑھنے شروع کئے کہ فی زمانہ انگریزی ہی کامیابی کی ضامن ہے۔ دنیا بھر کا جدید علم اور تحقیق اسی زبان میں ہے۔ اب ہر طرف این جی اوز اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کا دور دورہ ہے جن میں صرف انگریزی تعلیم والا بچہ ہی جگہ بناسکتا ہے مزید برآں اگر پڑھنے باہر جانا چاہتا ہے تو اس کے بغیر ممکن نہیں وغیرہ وغیرہ کچھ عرصے بعد موصوف دوبارہ آئے اور گویا ہوئے کہ خالد صاحب! آپ کے کہنے پر میں نے بچے کو او لیول میں ڈال دیا ہے بلا شبہ اس کی کتابیں اور علم بہت وسیع ہے۔ بچے میں تنقیدی نظر پیدا ہوتی ہے اور وہ رٹا لگانے والا طوطا بننے کی بجائے ادراک اور تفہیم کی صفت سے مالا مال ہوتا ہے مگر کیا کروں کہ بچہ باہر کی یونیورسٹیوں میں داخلے کے لئے عجیب عجیب سرگرمیوں میں شرکت کی ضد کررہا ہے۔ میرے پوچھنے پر موصوف نے بتایا کہ MUN میں جانے کے لئے اصرار کررہا ہے۔ میں نے کہا بہت بہتر، آپ کو پتا ہے MUN ماڈل یونائیٹڈ نیشن کا فورم ہے۔ یہاں ہر بچہ ایک ملک کا نمائندہ بن کر اس کا مقدمہ لڑتا ہے اور شرکاء ووٹ ڈالتے ہیں۔ اس طرح بچے کے اعتماد اور قائدانہ صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ علم میں اضافہ ہوتا ہے۔ آپ ضرور اسے MUN میں جانے دیں۔ کچھ دنوں کے بعد والد گرامی کی جگہ لخت جگر تشریف لائے میں سمجھا MUN پر اجازت دلوانے پر میرا شکریہ ادا کرنے آئے ہوں گے۔ مگر یہ کیا بچہ گزارش کررہا تھا کہ میرے والد سے کہیں کہ آئندہ کسی ایسی سرگرمی کے لئے مجھے زبردستی مت بھیجیں۔ میری توبہ! ہم کہاں رکنے والے تھے فوراً پوچھ لیا صاحبزادے آپ تو MUN پر جانے کے لئے بہت اصرار کررہے تھے۔ اب کیوں توبہ، توبہ کررہے ہو؟ بچہ بولا تقاریر تک تو MUN ٹھیک ہے مگر آپ کو پتا ہے تقریب کے دوران سٹیج سے طرح طرح کی فرمائشیں کی گئیں مثلاً تقریب میں شریک لڑکیوں کو آئی لو یو کہو، پرپوز کرو، قائل کرو، کسی نے سکہ دانتوں تلے دبایا ہوتا، مجھے کہا گیا کہ اپنے دانتوں سے اسے باہر نکالو، فلاں کے ساتھ رقص کرو۔۔۔ اس سے زیادہ سننے کی ہمت نہ پاتے ہوئے برخودار کو تو میں نے شاباش دے کر گھر بھیجا اور MUN منعقد کروانے والے ادارے کے بارے میں پتا چلایا تو معلوم ہوا کہ ادارہ نیا قائم ہوا ہے۔ اس کی فیس زیادہ ہے، اس نے نوعمر گاہکوں (یعنی سٹوڈنٹس) کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے MUN کے نام پر آزادی کے متوالوں کے لئے روشن خیال اور سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔۔۔ ان حالات میں بندہ بھلا کیا مشورہ دے؟ اگر آپ کے پاس ہے تو آپ بتادیں۔

مزید :

کالم -