ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس،کوئٹہ میں اربن ٹرانسپورٹ سسٹم کی تشکیل پر تعاون کا فیصلہ

ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس،کوئٹہ میں اربن ٹرانسپورٹ سسٹم کی تشکیل پر تعاون ...

لاہور(اپنے خبر نگار سے)چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس میں ہوا جس میں صوبہ بلوچستان کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ داؤدمحمد بڑیچ اور ریلوے کی طرف سے ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی ، چیف مارکیٹنگ منیجر / چیف آپریٹنگ سپر نٹنڈنٹ عبدالحمید رازی ، ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ارشد سلام خٹک کے علاوہ ریلوے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت بلوچستان کی اس تجویز کے بارے میں غور کیا گیا کہ حکومت بلوچستان کوئٹہ شہر کے لیے ایک اربن ٹرانسپورٹ سسٹم تشکیل دینا چاہتی ہے جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور کی طرف سے یہ یقین دہانی کروائی گئی کہ اس منصوبے کے لیے ریلوے کی جانب سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ اس بات پر بھی اتفاق پایا گیا کہ اربن ٹرانسپورٹ سسٹم عام طور پر نیشنل ریلوے سے علیحدہ ڈیزائن ہوتے ہیں اور ان کی تنصیب بھی علیحدہ سے ہوتی ہے اور سٹی گورنمنٹ عام طور پر ایسے منصوبے چلاتی ہے جس پر صوبہ بلوچستان کے ۱یڈیشنل چیف سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ داؤدمحمد بڑیچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس منصوبے کی فزیبلٹی تیار کروا کے اس منصوبے پر غورو خوض کے بعد مزید فیصلے کرے گی۔ انہوں نے ریلوے کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی پر چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور کا شکریہ ادا کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1