ریو اولمپکس 2016ئ،طلائی تمغوں میں امریکہ سب سے آگے

ریو اولمپکس 2016ئ،طلائی تمغوں میں امریکہ سب سے آگے

ریو اولمپکس میں امریکا نے مجموعی تمغوں کی سنچری مکمل کرلی،برازیل میں سمر اولمپکس کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک ہونے والے مقابلوں میں امریکا 35 سونے، 33 چاندی اور 32 کانسی کے تمغے جیت چکا ہے اور اس طرح وہ مجموعی طور پر 100 میڈلز کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ برطانیہ 22 گولڈ، 21 سلور اور 13 برانز اور مجموعی طور پر 56 میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہے اور چین 20 گولڈ، 16 سلور اور 22 برانز میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ جرمنی ایک درجہ ترقی پاکر چوتھے نمبر پر پہنچ گیا ہے اور وہ 13 طلائی، 8 چاندی، 11 کانسی کے تمغوں کے ساتھ پانچویں سے چوتھے نمبر پر پہنچ گیا ہے جبکہ روس ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلا گیا ہے، اور روس12 سونے، 15 چاندی اور 17 کانسی اور مجموعی 44 تمغوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر چلا گیا، جاپان 12، طلائی ، 6 چاندی اور 18 کانسی کے تمغوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے، فرانس 8 سونے، 12 چاندی اور 14 کانسی کے تمغوں کے ساتھ ساتویں نمبر پر قائم ہے، اٹلی 8 طلائی، 10 چاندی اور 6 کانسی کے تمغوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر قائم ہے، ہالینڈ 8 سونے، 4 چاندی اور 4 کانسی کے تمغوں کے ساتھ نویں نمبر پر ہے، آسٹریلیا 7 سونے، 10 چاندی اور 10 کانسی کے تمغوں کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے ۔۔ دوسری جانب جرمنی اور نائیجیریا کی ٹیموں کے درمیان ریو اولمپکس گیمز میں مینز فٹ بال ایونٹ کا فائنل آج کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے فائنل میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا اور شائقین کو اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔ میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں برازیل کی ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہونڈاراس کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد بآسانی 6-0 سے ہرا کر ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں جرمنی کی ٹیم نے نائیجیریا کو 2-0 سے شکست دیکر ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ دوسری جانب ریو اولمپک میں میزبان برازیل کی ویمن فٹبال ٹیم سیمی فائنل ہارگئی ، مردوں کی ہاکی میں ہالینڈ اور جرمنی کی ٹیمیں گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں ۔ میڈلز ٹیبل پر امریکہ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے ۔ ریو اولمپک میں برازیل کی ویمن فٹبال ٹیم سیمی فائنل ہار گئی ۔ سویڈن نے میزبان سائیڈ کو پینلٹی شوٹ آٹ پر 3-4 سے ہرا کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ۔ ہاکی کے سیمی فائنلز میں بیلجیم نے ہالینڈ کو 1-3 سے شکست دی ۔ ارجنٹائن نے جرمنی کو 2-5 کی ناکامی سے دوچار کرکے بلجیم کیساتھ فائنل کیلئے جگہ پکی کرلی ۔ ڈسکس تھرو میں کروشیا کی ساندرا پرکووک نے گولڈ میڈل جیتا ۔ فرانس کی ملینا دوسرے اور کیوبا کی ڈینیا تیسرے نمبر پر رہیں ۔ ۔ دوسری جانب ایتھلیٹ یوسین بولٹ کا ریو اولمپکس میں عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار ہے، انہوں نے ریو اولمپکس 200 میٹر دوڑ کے فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرکے طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔ یوں ریو اولمپکس میں انکے طلائی تمغوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے اس سے قبل وہ 100 میٹر دوڑ میں بھی طلائی تمغہ اپنے نام کرچکے ہیں۔ 200 میٹر مینز دوڑ میں تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلے پوزیشن حاصل کی اور طائی تمغہ جیت لیا۔ انہوں نے مقررہ فاصلہ 19.78 سیکنڈز میں طے کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔جبکہکینیا کے ایتھلیٹ کونسیسلس کیپروٹو نے مردوں کی 3 ہزار میٹر سٹپل چیس جیت کر نیا اولمپک ریکارڈ قائم کر دیا ۔ اکیس سالہ کیپروٹو نے مقررہ فاصلہ آٹھ منٹ تین اعشاریہ دو آٹھ سیکنڈز میں طے کر کے سونے کا تمغہ جیتا ۔ کیپروٹو نے ہم وطن ایزکیل کمبوئی کو شکست دی جنہوں نے دو بار اولمپک مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتا ۔ کمبوئی کے ڈس کوالیفائی ہونے کی وجہ فرانس کو کانسی کا تمغہ مل گیا ۔ کینیا نے انیس سو چوراسی سے ہر اولمپک مقابلے میں 3 ہزار میٹر سٹیپل چیس میں سونے کا تمغہ جیتا ہے ۔ چاندی کا تمغہ امریکی ایتھلیٹ ایون جیگر نے جیتا ۔ یہ انیس سو چوراسی کے بعد امریکا کا پہلا تمغہ ہے ۔ دوسری جانب۔بھارتی سٹار اور کانسی کے تمغے کا دفاع کرنے والی بھارتی کھلاڑی سائنا نہوال اپنے آخری گروپ میچ میں یوکرائن کی ماریا یولٹینا سے شکست کھا کر ریو اولمپکس سے باہر ہو گئیں۔ سائنا نے پہلے گیم میں اچھی شروعات کی اور 7۔3 اور 10۔8 کی برتری حاصل کر لی لیکن ماریا نے ہندستانی کھلاڑی کو 11۔11 کی برابری پر جا پکڑا۔ماریا نے پھر 16۔15 کی برتری بنائی لیکن اسکور کچھ دیر بعد 17۔17 سے برابر ہو گیا۔ماریا نے مسلسل تین پوائنٹس لے کر 20۔17 کی برتری بنائی اور جیسے ہی سائنا کے ریٹرن کورٹ سے باہر گرا دیا، ماریا نے یہ کھیل 21۔18 سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان ایک ایک پوائنٹس کے لئے سخت جدوجہد ہوئی۔ 15 پوائنٹس تک دونوں کھلاڑی برابری پر تھیں۔سائنا نے پھر 17۔15 کی برتری بنائی لیکن ماریا نے انہیں 17۔17 کی برابری پر جا پکڑا۔یوکرائن کی کھلاڑی نے شاندار اسمیشس لگاتے ہوئے 19۔18 کی برتری بنائی جبکہ سائنا نے اسکور 19۔19 سے برابر کر لیا۔ماریا کے ریکیٹ سے ایک اور شاندار کراس کورٹ اسمیشس نکلا اور انہوں نے 20۔19 کی برتری بنانے کے بعد یہ گیم 21۔19 پر ختم کر دیا۔ماریا اس جیت کے بعد گھٹنوں کے بل کورٹ پر بیٹھ گئیں جبکہ سائنا اولمپکس سے باہر ہونے کی مایوسی میں ڈوب گئیں، سائنا کی شکست کے ساتھ ہی اولمپکس کے 9ویں دن بھارت کی تمغہ حاصل کرنے کی بھی امیدیں مٹی میں مل گئیں۔۔ دوسری جانب اولمپکس کی تاریخ کے عظیم امریکی تیراک مائیکل فلپس نے مزید ریو اولمپک میں مزید ایک طلائی تمغے کیساتھ اپنے کریئر کا اختتام کیا ،انھوں نے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری اولمپکس مقابلے میں مزید ایک طلائی تمغہ حاصل کیا اور اس طرح مجموعی طور پر اب ان کے نام 23 طلائی تمغے ہیں۔فیلپس نے اپنا آخری طلائی تمغہ 4x100 میٹر میڈلے ریلے میں حاصل کیا۔ برطانیہ دوسرے نمبر پر رہا جبکہ کانسی کا تمغہ آسٹریلیا کے حصے میں آیا۔فیلپس نے اس دوڑ میں بٹر فلائی تیراکی میں حصہ لیا تھا اور یہ ریو اولمپکس میں ان کا پانچواں طلائی تمغہ ہے۔انھوں نے اس سے قبل 4x200 فری سٹائل ریلے، 200 میٹر، بٹر فلائی، 4x100 میٹر میڈلے ریلے، 4x100 میٹر فری سٹائل ریلے اور 200 میٹر انفرادی میڈلے میں طلائی تمغے حاصل کیے۔ اس کے علاوہ انھوں نے 100 میٹر بٹر فلائی میں نقرئی یعنی چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ انھوں نے پانچ اولمپکس میں حصہ لیا اور مجموعی طور پر 23 طلائی، تین چاندی اور دو کانسی کے تمغے کے ساتھ اپنے کریئر کو خیرباد کہا۔انھوں نے اس مقابلے سے قبل اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ اس سے قبل انھوں نے لندن اولمپکس میں بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا لیکن پھر دو سال بعد انھوں نے عالمی مقابلوں میں واپسی کی تھی۔اس سے قبل امریکہ نے خواتین کے 4x100 میٹر میڈلے ریلے میں بھی طلائی تمغہ حاصل کیا تھا اور وہ امریکہ کی تاریخ کا ہزارواں طلائی تمغہ تھا۔

مزید : ایڈیشن 1