موبائل فون اسیسریز پر ٹیکس لگانا معاشی دہشتگردی ہے،تاجر

موبائل فون اسیسریز پر ٹیکس لگانا معاشی دہشتگردی ہے،تاجر

لاہور(پ ر)موبائل فون اسسریز کی در آمدات پر امپورٹ ٹیکس کی شرح میں حکومت کی طرف سے 500فیصد اضافہ کرنے پر الیکٹرونکس گڈز امپورٹرز ایسوسی ایشن نے شدید ردِ عمل کا اظہار کیا کرتے ہوئے اس امر کو طشت ازبام کیا ہے کہ حکومت کاموبائل فون اسسریز پر غیر معمولی ٹیکس عائد کرنا معاشی دہشت گردی ہے۔ الیکٹرونکس گڈز امپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو حکومتیں اپنے ہی وطن کے تاجروں کا معاشی قتل کرنے کے دَرپے ہو جائیں۔

ان کے اقتدار کی زندگی کے دن تھوڑے رہ جاتے ہیں ۔ اس کاروبار سے وابستہ تاجروں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ حکومت کے اس فیصلہ کے نتیجہ میں ایک طرف تاجروں کا معاشی قتل ہو گا تو دوسری طرف پاکستان کی معیشت بھی غیر مستحکم ٹھہرے گی۔ تاجروں کے نمائندوں نے حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر حکومت نے اپنے اس فیصلہ کو واپس نہ لیا تو تاجر برسرِ عام اپنے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کا خلاف سراپا احتجاج بن کر معیشت کا پہیہ جام کر دیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4