بنگلہ دیش میں ٹی وی ڈرامے کی کہانی پر جھگڑا، 100 زخمی
ڈھاکہ (این این آئی)بنگلہ دیش میں پولیس کو ایک ٹیلی ویڑن ڈرامے کی کہانی پر ہونے والے ہنگامے کو قابو میں کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کرنا پڑا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کے مشرقی حصے میں واقع ہابی گنج نامی گاؤں میں لوگ ایک چائے کے ہوٹل پر ڈرامے ’کرن مالا‘ کی آخری قسط دیکھنے کے لیے جمع تھے کہ ان کے درمیان ڈرامے کی کہانی سے متعلق اختلاف پیدا ہو گیا۔آس پاس بیٹھے ہوئے لوگوں بھی اس بحث میں حصہ لینا شروع کر دیا اور پھر نوبت یہاں تک پہنچی کہ سینکڑوں لوگوں نے ڈنڈے اور چھڑیاں اٹھا لیں اور باقاعدہ جنگ کا سا سماں پیدا ہو گیا۔پولیس حکام کے حوالے سے بتایا گیاکہ ڈرامے پر شروع ہونے والے اس جھگڑے کے نتیجے میں ایک سو سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔مقامی پولیس سربراہ یاسین الحق نے بتایا کہ ابتدا میں دو افراد کے درمیان ڈرامے کی ایک قسط پر جھگڑا شروع ہوا اور بعد میں یہ دھڑوں کے درمیان تصادم میں تبدیل ہو گیا۔پولیس افسر کے مطابق مشتعل ہجوم نے ریستوران میں توڑ پھوڑ کی اور یہ جھگڑا کافی دیرتک جاری رہا۔
کرن مالا بنگلہ دیش میں بہت مقبول ہے جس میں ایک جنگجو شہزادی کی کہانی دکھائی گئی ہے جو انسانیت کو برائی سے بچاتی ہے۔