بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے :اسلامی تعاون تنظیم

بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے :اسلامی تعاون ...

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،اے این این،آئی این پی)اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل عیاد امین مدنی نے کہا ہے کہ کشمیر میں صورتحال دن بدن بگڑ رہی ہے اور او آئی سی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرے گی۔ اسلام آباد میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل عیاد امین مدنی نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال روز بروز خراب ہورہی ہے اوربدقسمتی سے بھارتی مظالم کیخلاف بہت کم آوازیں سامنے آئی ہیں عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ اس حوالے سے آواز اٹھائے اور اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت نکلنا چاہئے جبکہ او آئی سی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کریگی۔عیاد امین مدنی نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ اوآئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ بھارت کو مسئلہ کشمیر پر ریفرنڈم سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے ،امید ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات جلد شروع ہونگے اور پاکستان میں او آئی سی کانفرنس کے انعقاد پر غور ہورہاہے۔اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قبل قابل تشویش ہے گزشتہ 40روز میں 80سے زائد بے گناہ کشمیری بھارتی قابض فوجیوں کی بربریت کا شکار ہوکر شہید ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو تمام عالمی فورمز پر اٹھایا ہے کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلے کا حل خطے میں امن کے لئے انتہائی ضروری ہے لہٰذاکشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہئے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ او آئی سی کا رابطہ گروپ بھی کشمیر پر موثر کردار ادا کررہا ہے جبکہ رابطہ گروپ کا آئندہ اجلاس امریکا میں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پرہوگا۔مشیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ ملاقات میں بھی دیگر امور کے علاوہ خصوصا کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا او آئی سی نے کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی موقف کی مکمل حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کوکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنا چاہئیے۔سرتاج عزیز نے مزید کہا کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ کو کشمیر پر دو طرفہ مذاکرات کی دعوت دی ہے، بھارتی جواب کا انتظار ہے۔

مزید : صفحہ اول