طالبان نے افغانستان کے صوبہ قندوز کے اہم ضلع پر قبضہ کر لیا

طالبان نے افغانستان کے صوبہ قندوز کے اہم ضلع پر قبضہ کر لیا

کابل(اے این این )طالبان نے افغانستان کے شمالی صوبے قندوز کے ایک اہم ضلع پر قبضہ کر لیا ، حملہ اتنی شدت سے کیا گیا کہ حکومتی فورسزپیچھے ہٹنے پر مجبورہوگئیں،طالبان نے فوجی گاڑیوں اور اسلحہ بھی قبضے میں کر لیا ۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ گولہ بارود اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی کمی کی وجہ سے خان آباد ضلع طالبان کے ہاتھوں میں چلا گیا۔ طالبان نے کئی جانب سے ایک ساتھ حملہ کیا اور حکومتی فورسز کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔خان آباد کے ضلعی منتظم حیات اللہ امیری نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کوبتایا کہ ’طالبان نے مختلف جگہوں سے حملہ کیا تھا ہم نے کئی گھنٹوں تک مزاحمت کی لیکن ہمیں کوئی مدد نہیں ملی۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے پورے ضلعے کے علاوہ اسلحے اور فوجی گاڑیوں پر بھی قبضہ کر لیا ۔ دوسری جانب قندوز کی صوبائی کونسل کے سربراہ محمد یوسف ایوبی کا کہنا تھا ’اگر مرکزی حکومت نے اس طرف توجہ نہ کی تو قندوز شہر بھی گذشتہ برس کی طرح ایک بار پھر طالبان کے قبضے میں چلا جائے گا۔ واضح رہے کہ قندوز گذشتہ برس بھی طالبان کے قبضے میں آ گیا تھا۔ 2014 میں بین الاقوامی فوجوں کے انخلاء کے بعد سے طالبان نے ایک بار پھر ملک کے مختلف حصوں میں کئی علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے اورافغان سکیورٹی فورسز ملک کے 34 صوبوں میں سے نصف میں باغیوں کے ساتھ برسرِ پیکار ہے۔چند دن قبل طالبان نے قریبی صوبے بغلان کے ایک ضلع پر قبضے کر لیا تھا۔

مزید : صفحہ اول