تنازع کشمیر کی قرارداوں پر عملدرآمد کرانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے: ترجمان دفتر خارجہ

تنازع کشمیر کی قرارداوں پر عملدرآمد کرانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے: ترجمان ...

اسلام آباد ( صباح نیوز)دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پرعملدرآمد کرانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے ۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ کشمیرعالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور اقوام متحدہ نے اس پر قراردادیں منظورکرکے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کوحق خودارادیت دینے کیلئے استصواب رائے کرانے پرزوردیا ہے ۔ترجمان نے کہاکہ انسانی حقوق کے علمبردار ملکوں اور عالمی اداروں کوچاہیے کہ وہ بے گناہ کشمیریوں پرڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم پر آواز بلند کریں تاکہ اس تشدد کوختم کیاجاسکے،ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، بلوچستان سے ''را '' کے ایجنٹ کی گرفتاری پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے تخریبی کاروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کا ٹھوس ثبوت ہے۔ نفیس ذکریا نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا بیان بھارت کے پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کو تقویت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی پاکستان پر الزام لگا کردنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو ختم نہیں کرسکتا۔

مزید : صفحہ آخر