مہاجروں کے تحفظ کی تحریک جاری رکھیں گے: ڈاکٹر سلیم حیدر

مہاجروں کے تحفظ کی تحریک جاری رکھیں گے: ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم پر شادیانے بجانے والے اب مرسیہ پڑھنے کی تیاری کریں۔ جن عقل کے سورماؤں نے محب وطن مہاجروں کو ’’را‘‘ کا ایجنٹ بنانے میں سارا زور بازو لگایا ہوا ہے وہ جلد اپنی غلط حکمت عملی کا خمیازہ بھگتیں گے ۔ مہاجر تاریخ کے جبر اور نالائق سیاسی قیادت کے احمقانہ فیصلوں کا شکار ہیں لیکن ہم قوم پرست ، پڑھے لکھے محب وطن مہاجروں کی طاقت سے وفاق پاکستان ، مہاجروں کے تحفظ اور پائیدار امن کی تحریک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ چار صوبوں کی بنیاد پر قائم موجودہ وفاقی ڈھانچہ بوسیدہ ہے اس کو مزید نئے صوبے بناکر مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔ حکمران ہوس اقتدار میں اندھے، گونگے اور بہرے ہوچکے ہیں جنہیں کراچی ، حیدرآباد کے عوام کی طاقت سے قومی تحریک چلاکر رخصت کیا جاسکتا ہے۔ لیکن حکمرانوں کی طرح اپوزیشن بھی کراچی دشمنی میں اندھی ہوچکی ہے۔ اور وہ کسی قابل عمل سیاسی فارمولے یا منصوبے پر سیاسی تحریک چلانے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں مہاجروں کو بے دست و پا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مہاجروں کے ٹیکسوں پر چلنے والی حکومت میں مہاجروں کی نمائندگی موجود نہیں۔ پوری قوم کو دیوار سے لگانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قیادت یا چند لوگ تو ملک دشمنی میں ملوث ہوسکتے ہیں لیکن پوری مہاجر قوم کو ملک دشمن ثابت کرنا بے وقوفی ہے۔ وزیراعظم حالات کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے مہاجروں پر کئے جانے والے مظالم اور انہیں تیسرے درجے کے شہری بنائے جانے کا نوٹس لیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر