ریو اولمپکس،15ویں روز27گولڈ میڈلز کا فیصلہ،برازیل پہلی بار فٹبال کا اولمپک چیمپئن بن گیا
ریو(مانیٹرنگ ڈیسک)ریو اولمپک کے 15ویں دن امریکا کے ایتھلیٹ میتھیو سینٹرووچ نے مینز پندرہ سو میٹر میں اولمپک چیمپئن توفیق مخلوفی کو مات دے دی۔ اس ایونٹ میں 108 سال بعد امریکن ایتھلیٹ کامیاب ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق ریو اولمپکس کے 15ویں دن ٹریک اینڈ فیلڈ میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے، سب سے بڑا اپ سیٹ مینز1500میٹر میں ہوا جہاں امریکی ایتھلیٹ سینٹرووچ نے اولمپک چیمپئن توفیق مخلوفی کو ہرا کر سونے کا تمغہ جیت لیا۔امریکا اس ایونٹ میں 108 سال بعد گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوا، ویمنز ہائی جمپ میں اسپین کی بروتھ بیٹیا نے کامیابی حاصل کی، وہ 37 سال کی عمر میں اولمپک کا جمپنگ ایونٹ جیتنے والی سب سے عمر رسیدہ خاتون کھلاڑی بن گئیں۔فٹبال مقابلوں میں میزبان برازیل جرمنی کو شکست دیکر پہلی بار اولمپک چیمپئن بن گیا۔ویمنز 800 میٹر جنوبی افریقا کی کاسٹر سیمینا کے نام رہا جبکہ مینز 5 ہزار میٹر میں برطانیہ کے محمد فرح کامیاب رہے،اس اولمپک میں وہ دس ہزار اور پانچ ہزار میٹر ایونٹ کے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے۔پندرہویں دن 30 میں سے اب تک 27گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوچکا ہے، ان میں روس اور امریکا نے چار، چار طلائی تمغے اپنے نام کیے ہیں، چین، برطانیہ اور جرمنی نے تین، تین گولڈ میڈلز اپنے نام کیے ہیں۔کیوبا کے حصے میں دو گولڈ میڈل آئے،برازیل، ترکی، جنوبی افریقا، اسپین، سوئیڈن، سربیا، ہنگری اور جنوبی کوریا نے ایک، ایک طلائی تمغہ جیتا ہے ٹیبل پر امریکا 42 گولڈ کے ساتھ دیگر ممالک پر واضح برتری لیے ہوئے ہے، برطانیہ27طلائی تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے، چین کے25گولڈ میڈلز ہیں اور وہ تیسری پوزیشن پر ہے۔