نیمار نے برازیل کو پہلی بار اولمپکس فٹبال کا چیمپیئن بنا دیا:پینلٹی ککس پر میزبان کی جرمنی پر فتح،عالمی کپ میں شکست کا بدلہ لے لیا
ریو ڈی جنیرو(نیوز ڈیسک) ریو اولمپکس میں فٹبال کے فائنل میں میزبان برازیل نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنے کپتان اور سٹرائیکر نیمار کی پینلٹی کک کی بدولت عالمی چیمپئن جرمنی کو شکست دے کر اولمپکس فٹبال میں پہلی بار گولڈ میڈل جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی برازیل نے جرمنی کی جانب سے دو سال پہلے کھیلے گئے عالمی کپ کے سیمی فائنل میں شرمناک شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔ عالمی کپ کے میچ میں جرمنی نے برازیل کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے شکست دی تھی۔اس فائنل کو جیتنے کے ساتھ ہی برازیل نے اولمپکس فائنل میں اپنی بدقسمتی کا سلسلہ بھی توڑ دیا۔ برازیل 1988,1984اور 2012کے اولمپکس فائنل میں شکست سے دوچار ہوا تھا۔78ہزار شائقین سے کھچا کھچ بھرے سٹیڈیم میں ہر طرف برازیل کے جھنڈے نظر آرہے تھے۔ دونوں ٹیموں نے مقررہ اور اس کے بعد اضافی وقت میں ایک ایک گول کیا تھا۔اس کے بعد فیصلہ پینلٹی ککس پر ہوا۔ جرمنی کی جانب سے پیٹرسن نے اپنی کک مس کی جس کے بعد آخری کک نیمار کی تھی۔ بارسلونا کے سٹرائیکر نیمار نے کوئی غلطی نہ کی اور بال کو نیٹ میں ڈال دیا اس کے ساتھ ہی پورا سٹیڈیم برازیل کے نعروں سے گونجنے لگا۔واضح رہے کہ عالمی کپ کے سیمی فائنل میں برازیل کو شکست ہوئی توط نیمار بیماری کی وجہ سے میچ نہ کھیل سکے تھے۔