بھارت کبھی بھی پر امن طریقے سے مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہے گا :چیئر مین متحدہ جہاد کونسل

بھارت کبھی بھی پر امن طریقے سے مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہے گا :چیئر مین متحدہ ...
بھارت کبھی بھی پر امن طریقے سے مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہے گا :چیئر مین متحدہ جہاد کونسل

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )چیئر مین متحدہ جہاد کونسل سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر امن مذاکرات کے ذریعے حل ہو نا چاہیے لیکن بھار ت ایسا کبھی بھی نہیں چاہے گا ۔ان کا کہنا ہے کہ نریندر مودی مقبوضہ کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ کہتا ہے ،جب بھارت کے جھوٹ کا یہ حال ہے تو مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں ۔

نجی نیوز چینل نیو نیوز کے پروگرام ”لائیو ود نصر اللہ ملک“میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم ہے ،بھارت آزادی کی پرامن جدو جہد کو ظالمانہ طاقت کے ذریعے کچلنا چاہتاہے لیکن مقبوضہ کشمیر کا ایک بچہ بھی بھارت کے آگے نہیں جھکے گا ۔انہوں نے کہا کہ برہانی وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ وادی میں آزادی کی تحریک نے زور پکڑ لیا ہے جس کو کچلنے کے لیے بھارتی فوج نہتے کشمیریوںپر گولیاں برسا رہی ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ کشمیر اپنا حق لینے کے لیے ظالموں کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہیں ،مقبوضہ کشمیر کی گلی گلی میں پاکستان کے نعرے لگ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت مقبوضہ کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس مسئلے کو بین الاقوامی دنیا میں اجاگر کر رہی ہے لیکن عالمی سطح پر پاکستان کی ڈپلو میٹک کوششیں ناکام ہو چکی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیریوں کی براہ راست مدد کرے اور ایسا اقدام کرے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو حق دینا پڑے ۔

بین الاقوامی دنیا کے کردار کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سید صلاح الدین نے کہا کہ عالمی ادارے خاموش بیٹھے تماشا دیکھ رہے ہیں اور بین الاقوامی میڈ یا اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرر ہا ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی برادری دہرے معیار اور مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہے ایک طرف دنیا میں غیر مسلموں کے حقوق کے لیے خاصے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری طرف مسلمانوں کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ۔

مزید : قومی