کپل دیو نہیں بننا چاہتا، پانڈیا ہی رہنے دیں:ہاردک

کپل دیو نہیں بننا چاہتا، پانڈیا ہی رہنے دیں:ہاردک

لندن (آئی این پی)انڈین کرکٹر ہاردک پانڈیا کا کہنا ہے کہ ان کا کپل دیو کے ساتھ موازنہ نہ کیا جائے،میں کپل دیو نہیں بننا چاہتا۔ مجھے ہاردک پانڈیا ہی رہنے دیں۔ میں اسی میں خوش ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ میں 40ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور اب دس ٹیسٹ ہاردک پانڈیا کے طور پر کھیل چکا ہوں۔وہ اپنے دور کے عظیم کھلاڑی تھے، لیکن میرا موازنہ کپل دیو کے ساتھ نہ کیا جائے۔ مجھے خوشی ہو گی اگر آپ ایسا کریں گے۔ہاردک پانڈیا گذشتہ کچھ عرصے سے انڈین ایک روزہ ٹیم کا حصہ ہیں اور حال ہی میں انھوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا ہے۔ہاردک پانڈیا سے پوچھا گیا کہ کیا اتوار کو 28 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لے کر انھوں نے اپنے ناقدین کو جواب دیا ہے تو انھوں نے کہا کہ 'مجھے اس کی پرواہ نہیں ہے کہ وہ کیا کہتے ہیں۔ میں اپنے ملک کے لئے کھیلتا ہوں،میں صحیح کام کر رہا ہوں اور میری ٹیم میرے سے خوش ہے۔ اس کے علاوہ کسی چیز کی اہمیت نہیں ہے۔خیال رہے کہ ٹرینٹ بریج ٹیسٹ میں انڈیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 329رنز بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 161رنز بنا کر آٹ ہوگئی۔ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک انڈیا نے اپنی دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بنائے تھے اور اس طرح اسے 292رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔اگرچہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 2-0کی برتری حاصل ہے لیکن پانڈیا کا کہنا ہے کہ انڈیا نے انگلش بیٹنگ کی کمزوری کو بھانپ لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اہم کھلاڑی ہیں اور اگر انھیں آؤٹ کر دیا جائے تو وہ مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی