عمران خان کھیلوں کی بہتری کیلئے آخری امید ہیں: وصال محمد

عمران خان کھیلوں کی بہتری کیلئے آخری امید ہیں: وصال محمد

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے وزیراعظم بننے سے ملک میں کھیلوں میں بہتری آنے کی توقع ہے۔گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں آرچری کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت دیگر کھیلوں کی طرح اس کھیل پربھی توجہ دے تاکہ ملک میں اس کھیل کو بھی فروغ حاصل ہو، انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی سطح پر اس کھیل کے مقابلے سالانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے ہو رہے ہیں، جس میں 8 سے 10 یونیورسٹیز کے مرد اور خواتین کھلاڑی لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کم وسائل ہونے اور حکومت کی طرف سے ابھی گرانٹ نہ ملنے کی بنا پر کئی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت نہیں کی جاتی اور اس وقت فیڈریشن کو اپنی مدد آپ کے تحت چلایا جا رہا ہے۔ وصال محمد خان نے کہا کہ گذشتہ ماہ جولائی میں پاکستان آرچری فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کی ذاتی کاوشوں سے چار کوچز کو ایشین کوچنگ سیمینار میں شرکت کیلئے تائیوان بھیجا گیا تھا اور ایشین گیمز میں بھی دو کھلاڑیوں کو جکارتہ بھجیا گیا ہے جن میں ایک مرد کھلاڑی مجید ادریس اور ایک خواتین کھلاڑی نبیلہ کوثر شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نیکہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان خود ایک بھی سپورٹس مین ہیں اور ان کی قیادت میں پاکستان 1992 ء میں کرکٹ کا عالمی چمپئن بننا اور امید ہے کہ ان سربراہی میں ملک دیگرکھیلوں میں بھی ترقی کرے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی