فنڈز کی کمی کے باوجود عید پر شہر صافستھرا رکھیں گے،کیپٹن(ر)انوارالحق
لاہور (سٹی رپورٹر)چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی و ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) انوار الحق نے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی جس کی بڑی وجہ فنڈز کا نہ ملنا ہے، سسٹم میں کچھ کوتاہیاں ہیں مگر تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عیدالاضحی کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید اور منیجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فرخ قیوم کے ہمراہ عید الاضحی کے انتظامات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کا موجودہ سسٹم اور مشینری بہت بڑی ہے جس کو چلانے کے لئے فنڈز کی ضرورت ہے جو ہمیں نہیں مل رہے، گزشتہ کئی دنوں سے شہر بھر میں صفائی کا کام موثر طریقے سے نہیں ہو رہا لیکن عید کے موقع پر عوام کو ہر طور پر سہولیات فراہم کریں گے ، شہر بھر کو صاف رکھنا اور ماحول کو پاک بنانا ہمارے ساتھ ساتھ ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے،فنڈز کی کمی کی وجہ سے 6000ٹن کچرا اٹھایا نہیں جا سکا،امید ہے کہ نئی آنے والی حکومت جلد فندز کی بحالی پر کام کرے گی۔اس موقع پر ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی فرخ قیوم بٹ نے عید الاضحی پر کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بتایا کہ ادارے کی طرف سے شہر کی 7مویشی منڈیوں میں صفائی اور آگاہی کیمپ قائم کیے جا چکے ہیں۔اس موقع پر لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ میں عوام کا خادم ہوں ہر جگہ جاؤں گا پھروں گا اور شہریوں میں صفائی کے حوالے سے آگاہی فراہم کروں گا ۔نگران حکومت کی جانب سے ایل ڈبلیو ایم سی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں کیوں وہ سمجھتے تھے کہ یہ لوگ الیکشن پر اثر انداز ہوں گے۔
صفائی