مال روڈ پر نئی عمارتوں کی منظوری سے قبل حفاظتی اصولوں پر عمل کیا جائے ، اکبر درانی

مال روڈ پر نئی عمارتوں کی منظوری سے قبل حفاظتی اصولوں پر عمل کیا جائے ، اکبر ...

لاہور (جنرل رپورٹر)چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے ہدایت کی ہے کہ مال روڈ کی تاریخی اہمیت اورحیثیت برقرار رکھنے کیلئے نئی عمارتوں کی تعمیرکی منظوری دینے سے پہلے ڈیزائن، سیفٹی سٹینڈرڈز اور ٹریفک مینجمنٹ کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔یہ ہدایت انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں سپیشل ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس میں مال روڈ پر نئی عمارتوں کی تعمیر کی منظوری کیلئے پیش کئے گئے کیس ڈسٹرکٹ ڈیزائن کمیٹی کو بھیجتے ہوئے منظوری دینے یا نہ دینے سے متعلق سفارشات طلب کر لیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ تاریخی ورثہ قومی اثا ثہ ہے ، اسکا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں تاریخی عمارتوں اور مقامات کے تحفظ سے متعلق شعور اور آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے حکم دیا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی نئی عمارت کی تعمیر کی منظوری دینے سے پہلے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس سے کوئی تاریخی عمارت یا مقام متاثر نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئی عمارات کی ڈیزائننگ ایسی ہونی چاہئے کہ وہ قریب واقع تاریخی عمارات سے مطابقت رکھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر ہمارا ہے ہم نے اسے خراب ہونے سے بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں شہر میں بہت زیادہ کمر شلائزیشن ہوئی ہے، تاریخی اہمیت کے حامل مقامات پر کمر شلائزیشن پر پابندی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا سپیشل ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس ہر تین ماہ بعدباقاعدگی سے ہو گا۔ اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری بلدیات،کمشنر لاہور ڈویژن، پرنسپل نیشنل کالج آ�آرٹس، لارڈ مئیر لاہور، ڈپٹی کمشنرلاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1