چرم قربانی سے حاصل رقم الخدمت فاؤنڈیشن رفاہی منصوبوں پر خرچ کرتی ہے، عبدالشکور

چرم قربانی سے حاصل رقم الخدمت فاؤنڈیشن رفاہی منصوبوں پر خرچ کرتی ہے، ...
چرم قربانی سے حاصل رقم الخدمت فاؤنڈیشن رفاہی منصوبوں پر خرچ کرتی ہے، عبدالشکور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) الخدمت فاؤنڈیشن ہر سال کی طرح اِس عید الاضحی پربھی مصیبت زدہ اور دور دراز پسماندہ علاقوں سمیت شہری علاقوں میں بیواؤں ، یتامیٰ اور مساکین تک قربانی فی سبیل اللہ کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کرے گی۔اس کے علاوہ معاون رفاعی تنظیموں کے ساتھ ملکر ترکی میں قائم کردہ شامی مہاجرین کیمپوں جبکہ بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کیمپوں میں بھی خصوصی طورپر قربانی فی سبیل اللہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر محمد عبد الشکور نے قربانی پروجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قربانی پراجیکٹ الخدمت فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے ۔جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پر اعتماد اور اس کے ملک بھر میں پھیلے رضاکاروں کے منظم نیٹ ورک کی بدولت دور دراز علاقوں میں قربانی کا گوشت پہنچانے کا بندوبست کرتی ہے۔ مرکزی، ریجنل اور ضلعی سطح پر قربانی پراجیکٹ کی مانیٹرنگ کے لئے ڈیسک قائم کیا جاتا ہے ۔


جس میں قربانی کے جانوروں کی خریداری سے لے کر ان کی دیکھ بھال اور قربانی کرنے سے لے کر گوشت کی تقسیم اور رپورٹنگ کا اہتمام کیاجاتا ہے۔محمد عبد الشکور نے کہا کہ چرم قربانی کا حصول بھی الخدمت کی ترجیحات میں شامل ہوتا ہے۔


جس کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن مرکزی سطح پر مہم چلاتی ہے ، لوکل ٹیمیں شہروں اور قصبوں میں سٹال لگاتی ہیں،گھروں میں چرم کے حصول کے لئے بیگ تقسیم کئے جاتے ہیں۔ اِ س چرم قربانی سے حاصل ہونے والی رقم سال بھر جاری رہنے والے الخدمت کے رفاہی کاموں مثلاََڈیزاسٹرمینجمنٹ،ہسپتال، کلینک، سکول، بیواؤں میں راشن کی تقسیم، پسماندہ علاقوں کے مستحق طلبہ میں مفت سٹیشنری اور سکول بیگز کی تقسیم اور دور دراز علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے کنویں کھدوانے وغیرہ پر خرچ کی جاتی ہے۔محمد عبد الشکور نے بتایا کہ قربانی کے گوشت کو موسمی اثرات سے بچانے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق مستحقین تک پہنچانے کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور، کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں قربانی کا اہتمام جدید سلاٹر ہاؤسز میں بھی کر رہی ہے جہاں قربانی، گوشت کی کٹائی اور پیکنگ کا کام ھائی جینک ماحول میں تجربہ کار عملے کی زیر نگرانی جدید مشینوں پر سر انجام دیا جائے گا جس کے بعدقربانی کا گوشت چلر ٹرکوں کے ذریعے آفات سے متاثرہ اور دور دراز علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔گزشتہ سال عید الاضحی پرالخدمت فاؤنڈیشن نے1997 بڑے جانور اور1364 چھوٹے جانور قربان کئے ۔جس سے مجموعی طور پر90 ہزار سے زائد خاندانوں نے استفادہ حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔اس عید الاضحی پر اپنے مصیبت زدہ اور ضرورت مند ہم وطنوں کو خوشیوں میں اپنے ساتھ شریک رکھیں اوراپنی قربانی اور چرم قربانی الخدمت فاؤنڈیشن کو عطیہ کیجئے۔