عالمی برادری شامی مسئلے کے حل کیلئے مشترکہ کوشش کرے، چین
بیجنگ(آئی این پی/شِنہوا)چینی حکومت کے شام کے مسئلے سے متعلق خصوصی ایلچی شے شیاو این نے جولائی میں سعودی عرب، شام اور اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔انہوں نے بیجنگ میں میڈیا کو بتایا کہ حال ہی میں شامی مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے،تا ہم اس سلسلے میں کچھ سنگین چیلنجز بھی درپیش ہیں۔اب عالمی برادری کو موجودہ مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شام کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے سیاسی عمل کو فروغ دینے کی مشترکہ کوشش کرنی چاہئے، تاکہ شام کے مسئلے کے فوری حل کی طرف ٹھوس پیش رفت ہوسکے۔شے شیاو این نے سعودی عرب،شام اور اسرائیل کے دور وں کے دوران، متعلقہ اہل کاروں سے ملاقات کی اور شام کے مسئلے سے متعلق متعدد فورمز میں شرکت کی۔شے شیاو این نے کہا کہ شام کے مسئلے پر چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔چین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ملک کی حیثیت سے شام کے مسئلے کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کے لئے تعمیری کردار ادا کرتا رہا ہے۔چین کسی بھی قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور انسداد دہشت گردی کیلئے بین الاقوامی تعاون کی بھر پور حمایت کرتا ہے۔